وزیر اعظم کا بینہ کے آئندہ اجلاس میں فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکا باقاعدہ اعلان کرینگے ،گورنر خیبر پختونخوا

ریفارمز کمیٹی نے فاٹا کے تمام علاقوں کا دورہ کرکے عوام ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگرسٹیک ہولڈر کی رائے معلوم کرکے تفصیلی رپورٹ اور سفارشات وزیر اعظم کو پیش کی ہیں، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے تحفظات بہت جلد دور کئے جائینگے ، افغانستان اور پاکستان میں امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے،گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 فروری 2017 19:30

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 فروری2017ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا بینہ کے آئندہ اجلاس میں فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکا باقاعدہ اعلان کرینگے ۔ وفاقی وزیر سرتاج عزیز کی سربراہی میں ریفارمز کمیٹی نے فاٹا کے تمام علاقوں کا دورہ کرکے عوام ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگرسٹیک ہولڈر کی رائے معلوم کرکے تفصیلی رپورٹ اور سفارشات وزیر اعظم کو پیش کئے ہیں ۔

مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے تحفظات بہت جلد دور کئے جائینگے ۔ افغانستان اور پاکستان میں امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے ۔ وہ اتوار کو چارسدہ میں سابق مسلم لیگی رہنماء اورنگریب خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی صدر میاں ہمایون شاہ کاکا خیل ، رمضان خان رجڑ ، صفایت اللہ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑ ا نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے وہاں کی عوام کی رائے اور خواہشات کے مطابق فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف باضابطہ اعلان کرینگے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے تحفظات بہت جلد دور کرینگے ۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سرتاج عزیز کی سربراہی میں عبد القادر بلوچ ،ذاہد حامد اوران پر مشتمل کمیٹی نے فاٹا کے تمام علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں کے عوام، سول سوسائٹی ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سٹیک ہولڈر کی رائے معلوم کرکے تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کئے جبکہ فاٹا کے ایم این ایز اور سینٹرز کے سفارشات کو بھی رپورٹ کا حصہ بناکر وزیر اعظم کو کتابی شکل میں پیش کیا ۔

انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایت پر کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کو قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا اور قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینٹ نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے ۔انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کو ریفارم کمیٹی نے فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہے اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بھی دونوں رہنمائوں کو قائل کر رہے ہیں ۔

انہوںنے واضح کیا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام پر اپنی طرف سے کوئی فیصلہ مسلط نہیں کر رہی بلکہ فاٹا کے عوام کو اپنے مستقبل کے حوالے سے مختلف اپشن دی گئے جن میں علیحدہ صوبہ، گلگت بلتستان سٹائل اور خیبر پختونخوا میں ادغام کا اپشن شامل تھا۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خواہش ہے کہ روس ، بھارت اور افغانستان سمیت تمام پڑوسیوں سے مستحکم برادرانہ تعلقات قائم کئے جائیں اور بلخصوص افغانستان کے ساتھ تمام تناذعات خوش اسلوبی سے ختم کئے جائے کیونکہ دونوں ممالک کے باہمی بہتر تعلقات دونوں اقوام کے بہترین مفاد میں ہے۔