ڈونلڈ ٹرمپ اورولادی میر پیوٹن دوستی:پناہ گزین سابق سی ائٓی اے اہلکار ایڈورڈسنوڈن امریکہ بھیجنے پرغور

روس اسنوڈن سے خفیہ راز اگلوا کرپہلے ہی امریکا کے خلاف اپنی چال چل چکا ہے اور ایسے میں سنوڈن کی امریکہ کو حوالگی روس کی کامیاب حکمت عملی بھی ہوسکتی ہے،برطانوی اخبار

اتوار 12 فروری 2017 13:31

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2017ء) روس اور امریکی صدور کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ایڈورڈ اسنوڈن کی قربانی دینے کی تیاریاں ہونے لگیں جبکہ اس حوالے سے برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس میں پناہ گزین سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو امریکا واپس بھیجنے پر غور کیا جارہا ہے۔برطانوی اخبار ‘‘ڈیلی میل’’ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو بطور تحفہ امریکہ واپس بھیجنے پر غورشروع کردیا ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے روس میں ہی پناہ گزین کی حیثیت سے قیام پذیر ہیں۔

اخبار کا کہنا ہے کہ روس اسنوڈن سے خفیہ راز اگلوا کرپہلے ہی امریکا کے خلاف اپنی چال چل چکا ہے اور ایسے میں سنوڈن کی امریکہ کو حوالگی روس کی کامیاب حکمت عملی بھی ہوسکتی ہے جبکہ اس پیشرفت سے متعلق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایڈورڈ اسنوڈن نے اس انکشاف سے متعلق اپنے ٹوئٹرپیغام میں کہا ہے کہ برطانوی اخبار کی خبر اس بات کی تصدیق ہے کہ انہوں نے کبھی بھی روسی خفیہ ایجنسیوں سے تعاون نہیں کیا۔واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق اہلکارہیں جنہوں نے 2013 میں وکی لیکس کے نام سے امریکی خفیہ ایجنسی کے راز افشا کیے تھے اور اب وہ روس میں پناہ گزین ہیں۔