تانیہ مریم کے اندھے قتل کا معمہ ضرور حل ہوگا، قاتل قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ،صوبائی وزیر انسانی حقوق

ہفتہ 11 فروری 2017 23:41

سیالکوٹ۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ12سالہ تانیہ مریم کے اندھے قتل کا معمہ ضرور حل ہوگا اور قاتل زیادہ دیر تک قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اس کیس کی تحقیقات جدید خطوط پر کی جارہی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس کیس کو جلد از جلدمنطقی انجام تک پہنچائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تانیہ مریم کے ورثاء سے ان کی رہائش گاہ موضع چک منڈاہر سیالکوٹ میں اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اراکین صوبائی اسمبلی ذوالفقار غوری ، شہزاد منشی، ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق کمیشن اسلام آباد لبنی منصور، ڈی ڈی محمد علی مزاری، ایس ایچ او سمبڑیال انسپکٹر رانا ذوالفقار اور تفیتشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے تانیہ مریم کے والدہ اور بہن بھائیوں سے اس اندوہناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم متاثرہ خاندان کی غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملہ کی میرٹ پر تحقیقات کروائیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود بھی اس کیس کو دیکھ رہے ہیں جبکہ وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے بھی اس کیس کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیشن تشکیل دے دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تحقیقات تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور پوسٹمارٹم رپورٹ کی کیمیکل رپورٹ آنے کے بعد کیس کا رخ اصل سمت کی جانب ہو جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں کے اندر اندر اس کیس کو حل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور کیس پر ہونے والی لمحہ بہ لمحہ بیش رفت پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس کیس کو منظر عام پر لانے پر میڈیا کے شکر گذار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صحافی ہی معاشرے کی کان اورآنکھیں ہوتے ہیں ان کی مدد سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے پر ہونے والے ظلم و ستم کو بے نقاب کرنے اور ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس تانیہ قتل کیس میں ملوث افراد کو اپنے کئے کی سخت سزا ضرورملے گی اور وہ زیادہ دیر تک قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے تانیہ مریم کی مغفرت اور خاندان کے دکھوں کے ازالہ کیلئے خصوصی دعا کروائی ۔

متعلقہ عنوان :