کمیٹیاں انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری روکنے کیلئے سخت مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، کمشنر

ہفتہ 11 فروری 2017 23:41

گوجرانوالہ۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ ریجنل نیٹ ورک کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹیاں انسانی اعضا (خصوصاً گردوں) کی غیر قانونی پیوند کاری روکنے کیلئے سخت مانیٹرنگ اور سروے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے کسی ضلع سے تاحال کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی۔

علاوہ ازیں ڈائریکٹر ہیلتھ کے دفتر میں متاثرہ افراد کے لئے ایک شکایت سنٹر بھی قائم کیاگیاہے جہاں غیر قانونی طور پرپیوندکاری سے متاثرہ افراد اپنی شکایات جمع کروا سکیں گے۔ وہ اپنے دفتر میں ریجنل نیٹ ورک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی آر پی او گوجرانوالہ محمد طاہر‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سعید اللہ خان‘ پرنسپل میڈیکل کالج گوجرانوالہ آفتاب محسن‘ اے سی جی انجم ریاض سیٹھی اور دیگر افسران اور ڈاکٹرز شریک تھے ‘کمشنر نے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے ضلع میں سرویلنس پلان تیار کرکے ڈسٹرکٹ ویجی لنس کمیٹیوں کے اجلاس طلب کریں اور رپورٹس ریجنل نیٹ ورک کمیٹی کو ارسال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوںکے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے یورالوجسٹ ڈاکٹرز کی لسٹ بھی تیار کی جائے اور ان سے اقرار نامہ لیاجائے تاکہ وہ گردوں کی پیوند کاری سے اجتناب برتیں کیونکہ حکومت نے انسانی اعضاء اور خصوصاً گردوں کی پیوند کاری کیلئے مخصوص ہسپتالوں کو مقرر کررکھا ہے ان کے علاوہ کہیں بھی ایسا کام غیر قانونی تصور ہوگا اور اس کے انسداد کیلئے قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔

کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تفصیلی رپورٹ میں ان پوائنٹس پر کام کیا جائے کہ ڈی وی سی نے اپنے ضلع میں کتنے سروے اور مانیٹرنگ کی ہیں اور کتنی شکایات درج کی گئی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ اب تک گوجرانوالہ ڈویژن میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ آر پی او اور دیگر افسران نے مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔