وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پیر علائوالدین صدیقی کے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی

ہفتہ 11 فروری 2017 23:10

تراڑکھل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) آزاد جموں کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پیر علائوالدین صدیقیؒ کے وصال سے جو خلاء پیدا ہوا وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے پوری زندگی درس و تدریس، اسلام کی سربلندی اور فلاحی کاموں کے فروغ میں گزاری ۔ ان کے وصال پر پوری دنیا میں سوگ منایا گیا جو ہم سب کے لئے قابل فخر ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان اور دنیا بھر میں انہوں نے تعلیمی تدریسی ادارے قائم کرنے کے علاوہ میڈیکل کالجز کے قیام کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھا کر انقلابی اقدامات کیے جو رہتی دنیا تک اپنی روشنی سے انسانیت کو منور کرتے رہیں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ اس ملک میں رواداری ، اخوت ، مساوات کے اصولوں کے تحت ہم مثالی حکومت قائم کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام ترقیاتی کام اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔وہ گذشتہ روزمظفر آباد سے آستانہ عالیہ نیریاں شریف میں بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچے تو ان کا ہیلی پیڈ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار فاروق احمد طاہر معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حویلی چوہدری امجد، ایس ایس پی راجہ عبدالقدوس ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات پونچھ کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس علاقے میں حقیقی معنوں میں تعمیر و ترقی کا عمل تیز کر دیا جائے گا جو انتہائی شفافیت پر مشتمل ہو کا کیونکہ ہم زبانی جمع خرچ پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کو ایک مثالی خطہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ہیلی پیڈپر خطاب کے فورا بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر آستانہ عالیہ نیریاں شریف تشریف لے گئے جہاں انہوں نے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ پڑھی۔

اس موقع پر سجادہ نشین نیریاں شریف پیر ڈاکٹر سلطان العارفین صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے پیر علائوالدین صدیقی کی مغفرت کی دعا کی اور کچھ دیر دربار پر موجود رہے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔