پاکستان کسی وڈیرے یا جاگیردار نے نہیں بلکہ ایک وکیل نے بنایا تھا، سینیٹر سراج الحق

ہفتہ 11 فروری 2017 23:39

پاکستان کسی وڈیرے یا جاگیردار نے نہیں بلکہ ایک وکیل نے بنایا تھا، سینیٹر ..
فیصل آباد۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کسی وڈیرے یا جاگیردار نے نہیں بلکہ ایک وکیل نے بنایا تھا۔وکلاء کرپشن سے پاک خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم ہال ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر صدر باررانا علی عباس خان،جنرل سیکرٹری میاں مہران طاہر،پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردارظفر حسین خاں ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری رانا وسیم ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ امریکہ ملک میں شیعہ سنی کی تقریق پیدا کرکے ہمیں لڑانا چاہتا ہے،امریکی صدر ٹرمپ کے دشمن امت مسلمہ کے حکمران نہیں عوام ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے حلف لینے کے بعد سب سے پہلے مسلمانوں کو امریکہ اور مغرب کا دشمن قرار دیا ۔ دشمن ہمیں رنگ و نسل اور مسلکوں کی بنیا د پر تقسیم کرنے کے درپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اورخوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پانچ مرلے کے مکان میں رہنے والے اب دو دوایکڑوں پر محیط بنگلوں میں رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک لازوال قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا۔ کسی کی خواہشات کے مطابق لبرل ازم یا سیکولر بنانے کے لیے ہر گز نہیں حاصل کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر سراج الحق نے وکلاء کو یقین دلایا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے پنچ کے قیام کیلئے جماعت اسلامی ان کے شانہ بشانہ عملی جدوجہد میںشریک ہوگی اور وہ خود اس کے علمبردار بنیں گے۔

متعلقہ عنوان :