حیات محمد خان نے مٹی کی سلامتی ، بقاء اور قوم کی خوشحالی کی خاطر قربانی دی ، ٹھاٹھیں مارتے عوامی سمندر نے ثابت کردیا کہ دھرتی پر بسنے والے عوام قومی وطن پارٹی کے ساتھ ہیں

قومی وطن پارٹی کی مرکزی جنرل سیکرٹری انیسہ زیب طاہر خیلی کا حیات محمد خان کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی ومحنت اور قومی وطن پارٹی کی مرکزی جنرل سیکرٹری انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ حیات محمد خان شیرپائو کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دھارنے کے لئے ملی رہبر آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت میں قومی وطن پارٹی نے اس دھرتی کے عوام کی صحیح خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ۔

شہید وطن نے اس مٹی کی سلامتی ، بقاء اور قوم کی خوشحالی کی خاطر قربانی دی جس نے ایک عظیم تحریک کی شکل اختیار کی ہے اور آج بھی اس مٹی کا بچہ بچہ اپنے شہید لیڈر سے انتہائی عقیدت رکھتا ہے ۔ شہید وطن کے مزار پر عقیدت پیش کرنے کے لئے عوام کی ٹھاٹھیں مارنے والے عوامی سمندر نے آج یہ ثابت کیا کہ دھرتی پر بسنے والے عوام قومی وطن پارٹی کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے ہفتے کے روز شیرپائو ضلع چارسدہ میں سابق گورنر حیات محمد خان شہید کی برسی کے حوالے سے منعقدہ قومی وطن پارٹی کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمرزئی ، اراکین صوبائی اسمبلی زرین گل اور محترمہ معراج ہمایوں ، پاکستان ورکرز پارٹی کے رہنما افضل خاموش ، پارٹی رہنمائوں ہاشم بابر اور غفران خان سمیت دیگر عہدیداروں جبکہ صوبے اور قبائلی علاقہ جات سے آئے ہوئے ہزاروں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آنے والادور قومی وطن پارٹی کا ہے کیونکہ ہم نے عوام کی صحیح ترجمانی اور خدمت کا حق پہلے بھی ادا کیا ہے اور اب بھی عوامی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کے مزار پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے عوام کی جم غفیر نے یہ ثات کیا کہ اس دھرتی پر بسنے والے لوگ اپنے شہید لیڈر کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے قومی وطن پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ ہیں ۔

انہو ںنے کہا کہ حیات شہید نے اس مٹی اور خصوصاً پختون قوم پر اپنی جان نچھاور کرکے ایک عظیم قربانی دی اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال ان کے مزار پر عوام کا سمندر جمع ہو کر اپنے محبوب رہنما کو گلہائے عقیدت پیش کرتا ہے ۔ انہو ںنے شہید وطن کی برسی کے جلسے میں دیگر پارٹیو ںکے رہنمائوں افضل خاموش اور زرین کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حیات محمد خان شہید ہردلعزیز شخصیت تھے یہی وجہ ہے کہ ان کی برسی میں دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کرتے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جب عوام کے منہ پر دل کی بات آجاتی ہے تو پھر وہ حقیقت کا روپ دھارلیا کرتی ہے لہذا اس جلسے میں عوامی سمندر کے قومی وطن پارٹی اور اس کی قیادت کے حق میں نعرے اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اب اس خطے میں ملی رہبر آفتاب احمد خان شیرپائو واحد لیڈر ہیں جس کا دل اپنے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام گھر گھر میں قومی وطن پارٹی کا پیغام اور شہید وطن حیات محمد حان شیرپائو کا دیکھا ہوا خواب پہنچائے ۔

متعلقہ عنوان :