Live Updates

سی پیک تاریخ کا دھارا موڑ دیگا ، عظیم الشان منصوبے کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے‘ سی پیک کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں‘ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے عظیم دوست چین کا پاکستانی عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے‘چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی معنوں میں ایک گیم چینجر ہے،ہمارے دوست سی پیک سے بہت خوش ہیں‘اقتصادی راہداری سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ، پاکستان تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا محور بنے گا

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت

ہفتہ 11 فروری 2017 23:21

سی پیک تاریخ کا دھارا موڑ دیگا ، عظیم الشان منصوبے کیخلاف کوئی سازش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی معنوں میں ایک گیم چینجر ہے جس کے ثمرات سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا۔ چین سی پیک کے تحت پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے۔سی پیک کے منصوبے پورے پاکستان میں لگ رہے ہیں اور دنیا پاکستان میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر حیران ہے۔

سی پیک نے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں جس کے پاکستان کو غیرمعمولی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ سی پیک کے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج پر چین کے صدرشی جن پنگ(Mr.Xi Jinping)، وزیراعظم لی کی چیانگ(Mr.Li Keqiang) اور چینی عوام کے شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو ایک اٹل حقیقت بن چکا ہے اور پورے ملک میں اس کے تحت منصوبے لگ رہے ہیں۔سی پیک منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری ترجیح ہے اور یہ منصوبے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام مستفید ہوں گے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دے گا ،اس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور سی پیک کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیںجبکہ ہمارے دوست عظیم الشان سی پیک سے بے حد خوش ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے عظیم دوست چین کا پاکستانی عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔توانائی، انفراسٹرکچر، گوادر پورٹ اور صنعتی تعاون کے بڑے منصوبے سی پیک میں شامل ہیں جن پرتیزرفتاری سے کام کیا جارہا ہے۔ سی پیک کے تحت شمسی، کوئلہ اور پانی سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگائے جارہے ہیں جو پاکستان میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے مددگار ہوں گے۔انہو ںنے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنا کر خوشحال پاکستان بنائیں گے۔اقتصادی راہداری سے اقتصادی و سماجی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور پاکستان تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا محور بنے گا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات