سندھ حکومت کرن ہسپتال کی ہر ممکن مدد کرے گی،, وزیر اعلی سندھ

ہفتہ 11 فروری 2017 22:52

سندھ حکومت کرن ہسپتال کی ہر ممکن مدد کرے گی،, وزیر اعلی سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرن اسپتال کو سندھ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، اس کے قیام میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میرے والد سید عبداللہ شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کرن اسپتال کی جانب سے ’’کینسر کے عالمی دن‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میرے والد اور والدہ کا انتقال بھی کینسر جیسی موذی بیماری کی وجہ سے ہوا تھا اور میں کینسر کی تکلیف کو سمجھ سکتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کینسر کی آگاہی کے لئے سندھ حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوںنے مزید کہاکہ جو سندھ حکومت کے پاس موجود وسائل ہیں وہ کینسر کے اسپتالوںکے لئے ضرور دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں 80 فیصد کینسر کے مریضوں کو کرن ہسپتال دیکھتا ہے۔ بعد ازاں سید مراد علی شاہ نے ہسپتال کے وارڈز میں جاکر کینسر کے مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپتال کے دورے سے واپسی پرسفاری پارک کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ سفاری پارک کل 270 ا یکڑ پر مشتمل ہے جس پروزیراعلی نے کہا کہ میں سفاری پارک کوایک مثالی سفاری پارک بنانا چاہتا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :