جماعت اسلامی کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ،نواز شریف اچھا کام کریں،ہم ان کا ساتھ د یںگے،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے آواز اٹھائیںقوم ان کو سلام پیش کرے گی ،ہم اس کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائیں گے ،وزیر اعظم نے اپنی تقریروں میں اعتراف کیا کہ ان کا نہیں،ان کے بیٹوں کانام پانامہ سکینڈل میں آیا ہے ،پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کو دوسال کیلئے جاپان پر مسلط کردیا جائے تو وہ بھی کنگال ہوجائے گا ،سابق امریکی نائب صدر کو اپنے بیٹے کے علاج کیلئے گھر بیچنا پڑامگر ہمارے وزیر اعظم اوران کے بیٹے ایک دوسرے کو کروڑوں روپے کے تحائف دے رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کاسٹرکٹ بار فیصل آباد سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 20:31

جماعت اسلامی کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ،نواز شریف اچھا کام کریں،ہم ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہا ہے کہ وزیر اعظم کوئی اچھا کام کریں ہم ان کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے ،ہمارا کسی کی ذات سے کوئی اختلاف نہیں ہماری لڑائی کرپشن سے ہے اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا، ہم اس کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائیں گے ،وزیر اعظم نے اپنی تقریروں میں اعتراف کیا کہ ان کا نہیں،ان کے بیٹوں کانام پانامہ سکینڈل میں آیا ہے ۔

پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کو دوسال کیلئے جاپان پر مسلط کردیا جائے تو وہ بھی کنگال ہوجائے گا ،سابق امریکی نائب صدر کو اپنے بیٹے کے علاج کیلئے گھر بیچنا پڑا مگر ہمارے وزیر اعظم اوران کے بیٹے ایک دوسرے کو کروڑوں روپے کے تحائف دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جب کوئی پوچھتا ہے کہ یہ خطیر دولت کہاں سے آئی توسیخ پا ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں اس کی نیت ٹھیک نہیں ۔

وزیر اعظم سے عرض ہے کہ ہماری نیت کی سی ٹی سکیں کرالیں مگرپہلے کرپشن کے ہاتھی کا بھی الٹرا سائونڈ کروائیں قومی ادارے خسارے میں ہیں اوروزیر اعظم کے خاندان کے ادارے اربوں روپے منافع کمارہے ہیں۔ وزیر اعظم کے پاس جو الہ دین کا چراغ ہے وہ قوم کو عنایت فرما دیں تاکہ ہم بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں سے نجات حاصل کرسکیں۔جماعت اسلامی ملک کو کرپشن سے پاک کرسکتی ہے کیونکہ ہمارے کسی کارکن کے دامن پر کرپشن اور کمیشن کا کوئی داغ نہیں۔

ہماری دیانتداری کی گواہی عالمی اداروں اورملک کی عدالت عظمیٰ نے بھی دی ہے۔ وہ ہفتہ کو ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر صدر باررانا علی عباس خان،جنرل سیکرٹری میاں مہران طاہر،پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر،جماعت اسلامی فیصل آباد کے امیر سردارظفر حسین خاں ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری رانا وسیم ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کسی وڈیرے یا جاگردار نے نہیں بلکہ ایک وکیل نے بنایا تھا،وکلا ء کرپشن سے پاک خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،جماعت اسلامی کی نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ،اگر حضرت عمرؓ جیسی عظیم شخصیت کا احتساب ہو سکتا ہے تو نواز شریف کا کیوں نہیں ،نواز شریف سے ہم صرف اتنا پوچھتے ہیں کہ دولت کہاں سے آئی تو وہ ناراض ہوجاتے ہیں،امریکہ ملک میں شیعہ سنی کی تقریق پیدا کرکے ہمیں لڑانا چاہتا ہے،امریکی صدر ٹرمپ کے دشمن امت مسلمہ کے حکمران نہیں عوام ہیں،کرپشن زدہ حکمرانوں نے سیاست کو پیسے کا کھیل بنا دیا ہے،آج سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ حقیقی احتساب ہوا تو جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی نہیں بچے گا،قوم کو باکردار قیادت دینا چاہتے ہیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ عالمی استعمار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحدہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ مرلے کے مکان میں رہنے والے اب دو دوایکڑوں پر محیط بنگلوں میں رہتے ہیں ۔ غریب ملک پر حکومت کرنے والوں کا رہن سہن اور کلچر ہمارے ساتھ نہیں ملتا ۔ پہلے ان کے بڑے ہمارے بڑوں پر حکومت کرتے رہے اور اب ان نام نہاد جمہوریت پسند حکمرانوں نے قوم کو اپنا غلام بنار کھاہے ۔

ہم استحصالی اور طبقاتی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں ۔ مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کے مجرموں کا یوم حساب قریب ہے اوربہت جلد غربت اورمہنگائی کے ستائے عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن وہی ختم کرسکتا ہے جس کا اپنا دامن کرپشن سے پاک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اور مودیکی خوشنودی کے لئے حافظ سعید کو نظر بند کرکے حکمرانوں نے ٹرمپ کو یقین دلا دیا ہے کہ وہ اس کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل کریں گے ۔

اب بہت جلد امریکی غلاموں کا دور ختم اور محمد ؐ کے غلاموں کا دور شروع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک لازوال قربانیاں دے کر کلمہ لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا کسی کی خواہشات کے مطابق لبرل ازم یا سیکولر بنانے کے لیے ہر گز نہیں حاصل کیا گیا تھا ۔یہاں لبرل ازم یا سیکولرزم کو پروان چڑھانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر سراج الحق نے وکلاء کو یقین دلایا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے پنچ کے قیام کے لئے جماعت اسلامی ان کے شانہ بشانہ عملی جدوجہد میںشریک ہوگی اور وہ خود اس کے علمبردار بنیں گے۔