کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

شہر کی ترقی کے لیے 10ارب روپے مختص کیے ہیں،ضرورت ہوئی تو مزید 10ارب دیں گے،سید مراد علی شاہ سی پیک ہمارا مستقبل ہے ، کسی کو مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سرفراز بگٹی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال، راحیلہ درانی، شازیہ و دیگر کا جامعہ کراچی میں سیمینار سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 19:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بہت سے مسائل کا شکار ہیں، ملک کا آئین صوبائی خود مختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے، اب میں بھی اس شہر میں بغیر پروٹوکول کے گھومتا ہوں، کراچی کی ترقی کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے ہیں، اگر ضرورت ہوئی تو مزید 10 ارب روپے دیں گے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، پیپلزپارٹی کی نوجوان قیادت ملکی ترقی میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے، تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کہ پہلی ترجیح ہے، تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی کرنا پڑا دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جامعہ کراچی میں ’’ قومی یکجہتی اور علاقائی روابط میں نوجوانوں کے کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال، پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کو کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں، وہ بلا خوف و خطر کراچی گھوم سکتے ہیں، میں خود بغیر پروٹوکول شہر میں گھومتا ہوں،کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے، تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی کرنا پڑا دریغ نہیں کریں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بیرون ملک اسکول کی سطح پر سیاست پڑھائی جاتی ہے، سیاست کو نوجوانوں کی ضرورت ہے، سیاست کے پلیٹ فارم سے نوجوان ملک و قوم کی خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کررہی ہے، کراچی کی ترقی کے لیے دس ارب مختص کیے، کراچی کے لیے مزید دس ارب کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی دیں گے، ہم پچاس کروڑ مہینہ کراچی کو دیتے ہیں جس کا زیادہ بجٹ تنخواہوں پر خرچ ہوتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، پیپلزپارٹی کی نوجوان قیادت ملکی ترقی میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے، وہ ملک کی ترقی کے لئے اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری توجہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر مبذول ہے، آئین صوبائی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، تمام صوبے مل کر ہی ملک کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، صوبائی مالیاتی کمیشن قائم ہوچکا ہے، صوبائی مالیاتی کمیشن کے تحت وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اسمبلی میں قانون سازی کرکے دیئے ہیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ اختیارات قانون کے منافی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارے لئے سی پیک اور صوبے میں امان و امان بہت بڑا چیلنج تھا، سیکورٹی فورسز کی مدد سے اب صوبے میں امن ہے، شرپسند عناصر اب ختم ہو رہے ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک ہمارا مستقبل ہے اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے مستقبل سے کھیلے، بھٹکے ہوئے لوگوں کو واپسی کی دعوت دی ہے، وہ اگر واپس آئیں گے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے کہا کہ ہیومن ریسورس کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا اہم جزو ہے، پاکستان بننے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ادا کیاہے، سی پیک پورے ملک کے لیے نہایت اہم ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شایہ مری نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اس دنیا میں پاکستان جیسا ملک ملا۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے، ملک کی ترقی کے منصوبوں اور پالیسیوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے کی ضروریات ہے، ملک سے محبت ہمارے عمل سے ظاہر ہونی چاہئے۔