دو لڑکوں کے بروقت اقدام نے 194 افراد کی جانیں بچا لیں۔

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 10 فروری 2017 23:51

دو لڑکوں  کے بروقت اقدام نے 194 افراد کی جانیں بچا لیں۔

دولڑکوں 17سالہ روہت سنگھ اور اس کے کزن نتن کے بروقت اقدام نے 194 افراد کی زندگی کو بچا لیا۔
دونوں نے دہلی پولیس کے کنٹرول روم میں ایک جہاز کےا نجن میں لگنے والی آگ کی اطلاع دی تھی۔ اس جہاز میں 194 افراد سوار تھے۔
سجنے بھاٹیا، ڈپٹی کمشنر آف پولیس کا کہنا ہے کہ ”ہمیں صبح قریباً 7 بجکر 40 منٹ پر ایک کال موصول ہوئی، جس میں ایک ہوائی جہاز میں آگ لگنے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

ہم نے فوراً ہی کال کرنے والے کی تصدیق کی اور متعلقہ ایجنسیوں کو جہاز میں آگ لگنے کے متعلق بتا دیا، جس کے بعد جہاز کو ائیرپورٹ کے رن وے 28 پر اتار لیا گیا۔“
پولیس نے سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کو ٹرمنل 1 ڈی پر پیغام پہنچایا، جس نے ائیرپورٹ آپریشن کنٹرول سنٹر اور ائیر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دے دی۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے جیسے ہی ائیرپورٹ پر جہاز کے متعلق اطلاع گئی، ائیر پورٹ پر مکمل ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی۔

تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئیں، ایمبولینس اور فائر سیفٹی کو سینڈبائی کر دیا گیا۔ طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی اور مسافروں کو دوسری پروازوں کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچایا گیا۔
گوائیر کی فلائٹ جی 8-557 نے  دہلی سے بنگلورو جانے کے لیے 7 بجکر 28 منٹ پر اندرا گاندھی ائیرپورٹ سے پرواز کی اور 7بجکر 53 منٹ پر دہلی ائیر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔
روہت اور اس کا کزن اپنے مکان کی ٹیرس پر بیٹھے تھے ، جب انہوں نے اڑتے ہوئے جہاز کے انجن سےدھواں نکلتے دیکھا۔ روہت نے اپنے باپ نونیت کو بلا لیا۔ جس نے فوراً ہی دہلی پولیس کو کال کر دی۔