ملکی ترقی کی مخالفت کرنے والوں کو ماسوائے مایوسی کے کچھ حاصل ہوا ہے نہ ہوگا،وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی

جمعہ 10 فروری 2017 23:34

فیصل آباد۔10 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کی مخالفت کرنے والوں کو ماسوائے مایوسی کے کچھ حاصل ہوا ہے نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور جموہری عمل کو گھپ اندھیروں میں چھوڑ کر رات کی تاریکی میں بھاگنے والے آج کس منہ سے قوم کو روشنیاں بانٹنے والوں کے مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد جن حالات کا مقابلہ کیا قوم ان حالات سے مکمل طور پر با خبر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ میاں سلیمان عمیر سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں ڈیم کی مخالفت کرنے والے سیاسی بہروپئے ہیں اور ان سیاسی بہروپیوں اور مفاد پرست مصنوعی ٹولے کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور ملک کی ترقی کے دشمن ہمیشہ عبرتناک شکست اور شرمساری سے دوچار ہوئے ہیں اور ہوتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ چنیوٹ سے پیدا ہونے والی بجلی سے چنیوٹ کی عوام کو معاشی لحاظ سے بہتر ہو گا اور مسلم لیگ ن نے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا ہمیشہ منہ بند کیا ہے اور چنیوٹ ڈیم پر بھی مخالفین کا منہ بند کرئے گی انہوں نے کہا کہ بہت جلد چنیوٹ ڈیم کا افتتاح کرکے ترقی کا ایک اور راستی کھول دینگے ۔

متعلقہ عنوان :