پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں معاونت کریں‘پاکستان سب سے پہلے ایس ڈی جیز پر عمل کرنے والوں میں شامل ہے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا ایس ڈی جی سپورٹ یونٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 10 فروری 2017 23:27

پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں پر زور دیا ہے کہ وہ ہزاریہ ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) ایجنسیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کوششوں کے ذریعے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں معاونت کریں۔ وہ جمعہ کو یہاں پاک سیکرٹریٹ کے پی بلاک میں ایس ڈی جی سپورٹ یونٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر، وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے نمائندوں، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے ایس ڈی جی کے حوالہ سے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب سے پہلے ایس ڈی جیز پر عمل کرنے والوں میں شامل ہے جو اقوام متحدہ کی مختلف پالیسیوں میں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، میں یو این ڈی پی کی طرف سے خود کو ایس ڈی جیز کا چیمپیئن منسٹر قرار دینے پر شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وژن 2025ء کے تمام ساتوں پلرز ایس ڈی جیز کے ساتھ منسلک ہیں۔ وژن 2025ء پائیدار ترقی اور آگے بڑھنے کے حوالہ سے جامع طویل المیعاد حکمت عملی فراہم کر رہا ہے، یہ ایس ڈی جیز کے ساتھ پاکستان اور اقوام متحدہ کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایجنڈا برائے 2030ء اور ایس ڈی جیز کی تیاری کیلئے قرارداد کی منظوری دی ہے جبکہ فروری 2016ء میں قومی ترقیاتی ایجنڈے کی بھی منظوری دی جا چکی ہے اور آج ایس ڈی جیز یونٹ کا افتتاح اس حوالہ سے پاکستان کے عزم اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

اس سے قبل ہم نے سندھ اور پنجاب میں بھی ایس ڈی جی یونٹس قائم کر دیئے ہیں اور اب ہم بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی ایس ڈی جی بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے حصول کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اس وقت ہمیں ایس ڈی جیز کے نفاذ پر عملدرآمد کا حقیقی چیلنج درپیش ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس حوالہ سے باہمی روابط کو فروغ دیا جائے، حکومت ایس ڈی جی ایجنڈا پر عملدرآمد کے ضمن میں وفاقی بجٹ سے 35 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، بعد ازاں اس حوالہ سے مقامی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ڈی جیز کی حیثیت اور اس حوالہ سے پیشرفت پر منصوبہ بندی کے بین الوزارتی اجلاس میں مسلسل غور ہوتا رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایس ڈی جیز یونٹوں کے ذریعے قومی اور صوبائی ایس ڈی جیز میں پیشرفت کو آگے بڑھا کر قومی اور صوبائی ایس ڈی جیز کا فریم ورک تیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایس ڈی جیز یونٹ دارالحکومت اسلام آباد میں قائم کرکے ایس ڈی جیز کے ساتھ اپنی وابستگی ثابت کر دی ہے، اس حوالہ سے وزیراعظم بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، حکومت نے پہلے ہی ایس ڈی جیز فنڈ قائم کر دیا ہے جس سے کمیونٹی کی سطح پر ابتدائی سرگرمیوں کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔

توقع ہے کہ ایس ڈی جیز یونٹس اس حوالہ سے ہماری بہتر رہنمائی کرے گا کہ ان فنڈز کو کس طرح بہتر انداز میں استعمال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :