راولپنڈی،مرکزی صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کیخلاف حکم امتناعی جاری

جمعہ 10 فروری 2017 23:25

راولپنڈی،مرکزی صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کیخلاف حکم ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) سول جج مہوش شہزادی نے مرکزی صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن راولپنڈی اسلام آباد کے الیکشن برائے سال 2017-19کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو کام کرنے سے روک دیا ہے ‘ عدالت نے الیکشن بورڈ اور ملی بھگت سے بنائے گئے عہدیداروں سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 17فروری کو بمعہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے ۔

راجہ عماد مشرف نے اپنے وکیل محمد یاسر کے ذریعے سول جج مہوش شہزاد کی عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مرکزی صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن راولپنڈی اسلام آباد کے الیکشن برائے سال 2017-19 غیر قانونی اورغیر آئینی ہیں ۔چند لوگوں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے 400سے زائد بوگس ووٹیں درج کیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کی حدود بھی جنرل کونسل کے اجلاس کی منظوری کے بغیر بڑھا دی گئی ہے ‘تمام علاقوں کی یونین اپنے علاقوں کے علاوہ دوہرا ووٹ ایسوسی ایشن کے لئے استعمال کرتے ہیں ‘یہ بھی غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں اور الیکشن کے نام پر جو سلیکشن کی گئی ہے وہ بھی ایسوسی ایشن کے 2006 کے آئین کے تحت کرائے گئے ہیں ‘یہ آئین بھی غیر فعال ہوچکا ہے ‘الیکشن بورڈ بھی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے کیونکہ یہ بورڈ 2010سے چل رہا ہے ‘آئین کے مطابق الیکشن بورڈ ہر الیکشن کے لئے نیا تشکیل دیا جاتا ہے ۔

درخواست گذار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سول جج مہوش شہزادی نے حکم امتناہی جاری کرتے ہوئے الیکشن بورڈ ‘حاجی عبدالرشید ‘ نواز الہی ‘طارق کوہاٹی اور ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر بمعہ ریکارڈ پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔