سی ڈی اے کی کراچی کمپنی سے ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران جی نائن مرکز کے 35 پلازوں کے اطراف ، پارکنگ ایریاز اور فٹ پاتھ پر قائم کردہ تجاوزات کو بھاری مشینری سے مسمار کیا گیا

جمعہ 10 فروری 2017 23:24

سی ڈی اے کی کراچی کمپنی سے ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایات پرواضع کردہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ نے انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران کراچی کمپنی G-9 مرکز میں آپریشن کر کے وسیع پیمانے پرتجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کے احکامات کی روشنی میں کراچی کمپنی ، جی نائن مرکز میں وسیع پیمانے پر کاروائی کر کے غیر قانونی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ۔

گزشتہ دور روز سے جاری اس آپریشن کے دوران اب تک جی نائن مرکز کے 35بڑے پلازوں کے اطراف ، پارکنگ ایریاز اور فٹ پاتھ پر قائم کردہ تجاوزات کو بھاری مشینری سے مسمار کیا گیا ۔ اس آپریشن کے دوران تمام پلازوں کے برآمدوں میں تعمیر کئے گئے غیر قانونی دیواریں، لکڑی کی شیٹس کی پارٹیشنیں ، ہینگر اسٹینڈز، اضافی تعمیرات ، غیر قانونی سٹالز و دیگر تمام تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دوکانداروں کی جانب سے اپنی دوکانوں کے آگے بنائے گئے متعدد غیر قانونی شیڈز و بورڈز بھی اسی آپریشن کے دوران توڑ دیئے گئے۔ اسی طرح جیری فیڈکس پلازے کے باہرتعمیر کردہ غیر قانونی شیڈ اور چار دیواری کو مسمار کر کے سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کرالی گئی ہے ۔اسی طرح مرکز کے کار پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی مرمت کا کام کرنے والے ٹھیہ جات کو بھی ختم کر کے پارکنگ ایریا کو کلئیر کر دیا گیا جبکہ ایک غیر قانونی سروس اسٹیشن کو بھی سیل کیا کر دیاگیا۔

اس تمام آپریشن کے دوران تجاوزات کنندگا ن کا بیس (20)ٹرک سامان ضبط کر کے انفورسمنٹ سٹور میں جمع کر ایا گیا ۔ اس آپریشن کی نگرانی انجینئر عشرت تاج وارثی ، ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے خود کی جسمیں انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کے عملے سمیت افسران و دیگر پولیس اہلکاران نے حصہ لیا ۔ آپریشن کے آغاز پر انفورسمنٹ کے عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں ایک سپروائز ر شدید زخمی ہوا جسے بعدازاں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر کے نامعلوم مزاحمت کاروں کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں درخواست بھی جمع کرائی گئی ۔

یاد رہے کہ کراچی کمپنی جی نائن مرکز میں تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے مارکیٹ میں آنیوالے شہریوں خاص طور پر خواتین اور بزرگ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا ۔ یہ آپریشن آئندہ روز بھی جاری رہے گا تا کہ تمام مرکز کو تجاوزات سے پاک و صاف کر کے رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جائیگا۔ اس آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ ڈی ایم اے ،اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے بھی حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :