سپریم کورٹ نے احاطہ عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے بدتمیزی پر پی ٹی اے کے سابق ملازم کو طلب کرلیا

جمعہ 10 فروری 2017 21:57

سپریم کورٹ نے احاطہ عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے بدتمیزی پر پی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے احاطہ عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے بدتمیزی کا نوٹس لیتے ہوئے محمد ریاض نامی پی ٹی اے کے سابق ملازم کو طلب کرلیاہے ،جمعہ کوجسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین کی پنشن کے حوالے سے مقدمات کی سماعت کرنا تھی تاہم ایک فریق کے وکیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے کیس کی سماعت نہیں ہو سکی ، ا س موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ کمرہ عدالت کے باہر ایک سابق ملازم محمد ریاض نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی جس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی سائل کو وکلاء کے ساتھ ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

عدالت نے محمد ریاض کے وکیل عبدالرحمن صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کے موکل کو جیل بھیج دیا جائے ، عدالت نے فاضل وکیل کو ہدایت کی کہ وہ پیرکو آئندہ سماعت پر اپنے موکل کو عدالت میں پیش کریں گے۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ بھی اس واقعہ کے حوالے سے تحریری درخواست جمع کروائیں۔عدالت پیر کو اس معاملے کاجائزہ لے گی۔

متعلقہ عنوان :