دس ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی،پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائیگا:شہبازشریف

دہشت گردی کیخلاف جنگ میںسیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پرہے،پاک افواج، پولیس افسران، جوانوں،سیاستدانوں اور معاشرے کے ہر طبقے نے قربانیاں دیں پاکستان آرمی اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردو ںکے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں،پاکستان کو امن نصیب ہوا ہے پاکستان کے 20 کروڑ عوام اپنی محنت، عزم ، لگن اور دیانتداری سے کام کرتے ہوئے تاریخ کا دھارا بدل دیں گے جاندار پالیسیوں کی بدولت آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں معاشی طور پر مضبوط، محفوظ اور پرامن ملک بن چکا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کا ینگ پریذیڈنس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ’’کلرز آف انڈس2017‘‘ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 10 فروری 2017 21:55

دس ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی،پاکستان سے ہمیشہ کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اجتماعی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ سیاسی و عسکری قیادت تین برس قبل دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ایک صفحہ پر آئی اور اجتماعی اقدامات سے اس ناسور کو بہت حد تک نکیل ڈال دی گئی ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک افواج، پولیس کے افسران، جوانوں، ان کے خاندانوں کے افراد نے بے مثال قربانیاں دیںجبکہ سیاستدانوں، تاجروں اور معاشرے کے ہر طبقے نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں۔پوری قوم کی ان عظیم قربانیوں کے باعث پاکستان کو امن نصیب ہوا ہے۔ پاکستان آرمی اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردو ںکے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن ’’ضرب عضب‘‘نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔کئی سالوں سے جاری توانائی بحران کے باعث معاشی سرگرمیاں رکنے سے انتہاپسندی، بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو ان چیلنجز سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کی گئی ہیں اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت کی مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں اور انشاء اللہ اس سال کے آخر تک پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج مقامی ہوٹل میں ینگ پریذیڈنس آرگنائزیشن (YPO) کے زیراہتمام ’’کلرز آف انڈس 2017‘‘ (Colours Of Indus 2017) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، عائشہ غوث پاشا، شیخ علائوالدین، بزنس ٹائیکون، سرمایہ کاروں اور غیرملکی مندوبین نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کے غیرمتزلزل عزم سے بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ اچھے اور برے طالبان کا فرق مٹا کر دہشت گردو ںکے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئی ہیں۔ انشاء اللہ پاک سرزمین سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ بین الاقوامی ادارے اور ماہرین بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی کامیابی کے معترف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے جاندار معاشی پالیسیوں پر عمل کیا گیاہے اور آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں معاشی طور پر مضبوط، محفوظ اور پرامن ملک بن چکا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ دہشت گردی کے بعد توانائی بحران کا خاتمہ دوسرا بڑا سنگین چیلنج تھا اور ہم 2013 میں توانائی بحران کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بہترین منصوبہ بندی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھے۔

ماضی کے حکمرانو ںکے برعکس توانائی بحران کے خاتمے کیلئے باتوں کی بجائے عملی طور پر اقدامات کئے گئے اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے نہایت سنجیدگی سے دن رات کام کیا گیا۔حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ رواں سال کے آخریااگلے سال کے آغاز میں توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے 10ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔ انہو ںنے کہا کہ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی منصوبہ بندی 80 اور 90 کی دہائی میں شروع ہو چکی تھی اور اس منصوبے پر کام کا آغاز 2002 میں ہوا اور 15 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ آج تک نامکمل ہے۔

منصوبے میں تاخیر کے باعث اس کی لاگت بھی کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 800 ملین ڈالر تھا اور ساڑھے چار ارب ڈالر خرچ ہونے کے باوجود ابھی تک یہ منصوبہ نامکمل ہے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہو رہے ہیں۔ اسی طرح ماضی میں گدوگیس پاور پلانٹ 60 ماہ میں مکمل ہوا اور اس کی قیمت بھی دوگنا تھی جبکہ موجودہ دور میں ملک کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹس 27 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں۔

توانائی کے منصوبوں کی شفاف، معیاری اور تیز رفتاری سے تکمیل کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100 میگاواٹ کا ملک کی تاریخ کا پہلا منصوبہ لگایا ہے۔پنجاب حکومت کوئلے، ہوا، ہائیڈل، گیس اور سورج سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیاد ت میں کم ٹیرف پر حاصل کئے گئے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔

توانائی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل میں سیاستدان، ماہرین، بیوروکریسی اور متعلقہ اداروں کی اجتماعی اور بے مثال کاوشیں شامل ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے، ہمارے پاس بہترین انجینئرز، سائنسدان، ڈاکٹرز، پلانرز موجود ہیں اور قوم محنتی ہے جو تاریخ کا دھارا موڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے ۔ اگر ماضی میں عزم کے ساتھ آگے بڑھا جاتا تو پاکستان اب تک اپنی منزل ضرور حاصل کر چکا ہوتا۔

انہو ںنے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان ترقی و خوشحالی کا سفر ضرور کامیابی سے طے کرے گا اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام اپنی محنت، عزم ، لگن اور دیانتداری سے کام کرتے ہوئے تاریخ کا دھارا بدل دیں گے۔ بزنس ٹائیکون نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور کاروبار کے لحاظ سے بہترین ملک ہے اور یہاں بزنس کے وسیع مواقع موجود ہیں۔