ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کو درپیش بعض مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، مومن آغا

جمعہ 10 فروری 2017 21:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2017ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کو درپیش بعض مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی(فیڈمک)کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایس ایس پی انویسٹی گیشن فرخ رضا،اسسٹنٹ کمشنر (جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق،اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ کنول بتول،ایس پی جمیل ظفر اوردیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد کے ارکان میں صدر چیمبر آف کامرس انجینئر محمد سعید،چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈمک عامر سلیمی،میاں اجمل فاروق،ریاض گل،جنرل مینجر(ٹیکنیکل)و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ صنعت کاری اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بڑی اہمیت کا منصوبہ ہے جس کی ترقی کیلئے کاروباری افراد کو سازگارماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ ہے اوراس میں نشاندہی کئے گئے ترقیاتی و انتظامی مسائل دور کرنے کیلئے تیزرفتار اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ فیڈمک انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور مقامی سطح پر حل ہونے والے مسائل کے جلد حل کیلئے جامع اور پائیدار اقدامات کئے جائیں۔چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی نے فیڈمک کے زیر انتظام ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں مختلف نوعیت کی صنعتوں کے قیام کی پیش رفت اور دیگر انتظامی و ترقیاتی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔