پنجاب حکومت نے صوبے کے 9 ڈویژنوں میں موٹربائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دیدی

وزیراعظم قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھانے اور ریسکیو1122 کیلئے اضافی الائونس کی بھی منظوری پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اب باتیں نہیں صرف کام ، کام اور کام کرکے دکھانا ہوگا،پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی ایمبولینس سروس کا انتظام محکمہ صحت سے لیکر ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا ، پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں پہلی بار ایمبولینس سروس کو مربوط نظام کے تحت چلایا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 10 فروری 2017 21:19

پنجاب حکومت نے صوبے کے 9 ڈویژنوں میں موٹربائیکس ایمبولینس سروس شروع ..
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے کے 9 ڈویژنوں میں موٹربائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے،وزیراعظم قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھانے اور اضافی ڈیوٹی کرنے والے ریسکیو1122 کے عملے کو اضافی الائونس دینے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

(جاری ہے)

ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے اہداف مقرر کرکے ان کے حصول کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی دیں گے۔

دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اب باتیں نہیں صرف کام ، کام اور کام کرکے دکھانا ہوگا۔انہوںنے کہا کہپنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی ایمبولینس سروس کا انتظام محکمہ صحت سے لے کر ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا ہے اورپنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں پہلی بار ایمبولینس سروس کو مربوط نظام کے تحت چلایا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ایمبولینس سروس کے نئے نظام سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے حوالے سے بے پناہ بہتری آئے گی۔

پنجاب میں ہسپتالوں میں ایمبولینس سروس کا نظام اب ریسکیو 1122 چلائے گا۔وزیراعلیٰ نے موٹربائیکس ایمبولینس سروس کا دائرہ کار صوبے کے 9ڈویژنوں تک بڑھانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ سروس بیک وقت9 ڈویژنوں میں شروع کیا جائے گی اور اس سروس سے تنگ گلیوں اور محلوں میں مریضوں تک رسائی ممکن ہوگی اور مصیبت میں گھرے افراد کو ریسکیو کرنے کا کام جلد سے جلد ممکن ہوگا ۔

وزیراعلیٰ نے موٹربائیکس ایمبولیس سروس کیلئے ریسکیورز کی تربیت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کا قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام غریب آدمی کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کی جانب سے اہم اقدام ہے اوراس پروگرام کو ہنگامی بنیادوں پر پنجاب کے تمام اضلاع میں جلد سے جلد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ترکی کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے گرانقدر تعاون لائق تحسین ہے۔

پنجاب کی نرسوں کو تربیت کیلئے ترکی بھجوایا گیا ہے اورنرسوں کا اگلا بیج جلد ترکی جائے گاجبکہ ریسکیورز کا عملہ بھی ترکی میں تربیت حاصل کررہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم نے محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ عوام کو وہ طبی سہولتیں فراہم کرنے کا مشن مکمل کرنا ہے جو ان کا حق ہے۔انہوںنے کہا کہ ترکی کی یونیورسل ہیلتھ انشورنس سکیم کی طرز پر پنجاب میں بھی سکیم شروع کرنے کیلئے قانون سازی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ایمرجنسیوں میں بھی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے ۔اب وقت ضائع کئے بغیر انتہائی تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی ریسکیو 1122 نے ایمبولینس سروس کے نئے نظام اور موٹربائیکس ایمبولینس سروس پرہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، عائشہ غوث پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔