وزیراعلیٰ سندھ کا تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہر ایک ڈویژن میں دو ،مجموعی طور پر 10ٹیکنیکل اداروں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 10 فروری 2017 20:54

وزیراعلیٰ سندھ کا تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہر ایک ڈویژن میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی تعلیمی ایمر جنسی کی روشنی میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ایک ڈویژن میں دو اور مجموعی طور پر 10ٹیکنیکل اداروں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے یہ فیصلہ جمعہ کووزیراعلیٰ ہائوس میں اسٹیوٹا کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں اسپیشل اسسٹنٹ اسٹیوٹاشاہد تھہیم ، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نوید شیخ ، سیکریٹری کالجز ریاض میمن، سیکریٹری سماجی بہبود نیاز عباسی ، سیکریٹری آئی ٹی پرویز سہڑ، ایم ڈی اسٹیویٹا رفیق برڑو اور دیگر نے شرکت کی ۔ایم ڈی اسٹیویٹا رفیق برڑو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ صوبہ میں 2800ٹیکنیکل ادارے ہیں جہاں پر مختلف شعبوں میں تربیت اور فنی تعلیم دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ پہلے مرحلے میں چاہتے ہیں کہ 10 اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ قائم کئے جائیں جہاں پر معیاری تعلیم کے ذریعے اچھے طلباء تیار کئے جائیں جو کہ نہ صرف اپنا بلکہ اپنے ادراوں کا بھی نام روشن کریں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ادارے ایک برانڈ کی طرح ہونے چاہئیں اور ان کے نام سے نہ صرف ملازمت کے حصول میں بلکہ مزید تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے داخلوں میں بھی آسانی ہو۔

انہوںنے کہاکہ صوبے میں 5انتظامی ڈویژن ہیں مثلاً حیدرآباد ، میرپورخاص ، نوابشاہ ، سکھر ، لاڑکانہ ہیں ۔ جہاں پر وہ 10اسٹیٹ آف آرٹ انسٹیٹیوٹ قائم کرنا چاہتے ہیں اور ہر ڈویژن میں دو انسٹیٹیوٹ ہوں گے ۔انہوںنے سیکریٹری یونیور سٹیز بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ اداروں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انہیں بہتر فیکلٹی ، جاب اورینٹڈ ٹیکنیکل کورسز اور بہترین سہولیات مہیا کریں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ سیکریریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے ایک پلان پیش کریں انہوںنے کہاکہ میں تمام تر ضروری فنڈز اور سہولیات فراہم کروں گا ۔انہوںنے مزید کہا کہ وہ بہترین ٹیکنیکل تعلیم چاہتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹیویٹا کی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ چائینز لینگویج کورس بھی متعارف کرائے ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کے تحت ہزاروں چائینز صوبے میں سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں لہذ امقامی افراد کے لئے چینی زبان ملازمتوں کے حوالے سے اضافی قابلیت تصور کی جائے گی ۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ سند ھ نے کہاکہ وہ صوبے بھر میں کام کرنے والے ٹیکنیکل سینٹر زکے دورے بھی کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :