موثر ٹریفک مینجمنٹ اورٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ترکی کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں‘شہباز شریف

ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، ٹریفک نظام میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے ترک ماڈل سے استفادہ کریں گے‘ترکی اورپنجاب کے مابین تعاون کے نئے دریچے کھل رہے ہیں،ترک بھائیوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘وزیر اعلی پنجاب

جمعہ 10 فروری 2017 20:54

موثر ٹریفک مینجمنٹ اورٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک نظام کو بہتر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ترکی کے ٹرانسپورٹ اورٹریفک مینجمنٹ کے ماہرین نے شرکت کی- اجلاس میںترکی اورپنجاب حکومت میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون پر اتفاق کیا گیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر ٹریفک مینجمنٹ اورٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ترکی کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ترکی اورپنجاب حکومت کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دریچے کھل رہے ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا اورٹریفک نظام میںبہتری کیلئے متعلقہ اداروں میں کوآرڈینیشن انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے ترکی کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے فوری طورپر جامع اصلاحات پر عملدر آمد کیا جائے گا اورتعلیمی اداروں کے نصاب میں شامل ٹریفک ایجوکیشن کے مضامین کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کا نظام مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے اورعوام کی سہولت کیلئے فوری طورپر ایسے اقدامات اٹھائے جائیںگے جن سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ترک بھائیوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔میں ذاتی طورپر اس پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ترک وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اپنے بھائیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریںگے اورپنجاب حکومت کو ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کیلئے تکنیکی معاونت مہیا کریںگے۔انہو ںنے کہا کہ ہمیںاپنے بھائیوں کی مددکر کے بہت خوشی ہو گی۔ترک وفد کی قیادت مکرم کارا کررہے تھے ۔صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ،مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء خواجہ احمد حسان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،کمشنر لاہورڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :