قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اراکین کا پاکستان سویٹ ہومز کا دورہ

اراکین کو پاکستان سویٹ ہومز کی مجموعی سرگرمیوں بارے پریزنٹیشن دی گئی ،ْزمرد خان نے درپیش مسائل بارے آگاہ کیا

جمعہ 10 فروری 2017 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اراکین نے جمعہ کو یہاں پاکستان سویٹ ہومز کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کمیٹی کا 21 واں اجلاس چیئرمین کمیٹی بابر نواز کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے اجلاس کے دوران 23 جنوری کو ہونے والے اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی جس کے بعد کمیٹی کے اراکین نے پاکستان سویٹ ہومز کے مختلف حصوں، گریٹ ہومز، کلاس رومز، یتیم اور بے گھر بچوں کے ہاسٹل کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین کو پاکستان سویٹ ہومز کی مجموعی سرگرمیوں بارے پریزنٹیشن دی گئی جس کے بعد پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کمیٹی کو ادارہ کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل بارے بتایا۔ انہوں نے کمیٹی کو بچوں کی حالت زار میں بہتری لانے کیلئے کئے گئے اقدامات بارے بھی بریف کیا۔ کمیٹی نے بے گھر اور یتیم بچوں کیلئے زمرد خان کے کام اور کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ کمیٹی جلد ہی یتیم اور بے گھر بچوں کے تحفظ اور رجسٹریشن کا بل متعارف کرائے گی۔