دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی مظالم اور حافظ سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیخلاف احتجاجی مظاہر ے و ریلیاں

کل مال روڈ پر بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا،لاہور ہائی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے حافظ سعید کی نظربندی کیخلاف بھوک ہڑتالی کیمپ بھارتی ترنگے بھی جلائے گئے، علماء کرام کی طرف سے ملک بھر کی مساجد میں خطبات جمعہ میں حافظ سعید کی نظربندی اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو موضوع بنایا گیا ، مذمتی قراردادیں منظور

جمعہ 10 فروری 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2017ء) دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیخلاف لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، ملتان،پشاور اور مظفر آبادسمیت مختلف شہروں و علاقوں میں زبردست احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں طلباء، وکلاء، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کیا۔

لاہور میں چوبرجی چوک ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔کل اتوار 12فروری کو مال روڈ پر بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔لاہور ہائی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے حافظ محمد سعید کی نظربندی کیخلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی ترنگے بھی جلائے گئے۔ علماء کرام کی طرف سے ملک بھر کی مساجد میں خطبات جمعہ میں حافظ محمد سعید کی نظربندی اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو موضوع بنایا گیا اور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں، پیر سید ہارون علی گیلانی،اجمل خاں وزیر، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر ویگر نے کہا ہے کہ حافظ محمد سعید و دیگررہنمائوں کو دہلی اور واشنگٹن کی غلامی میں نظربند کیا گیا‘ انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سبوتاژ کرنے کیلئے خفیہ ڈپلومیسی کے سلسلہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حافظ محمد سعید کی نظربندی کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے اور شہر شہر مظاہروں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر صوبائی دارالحکومت لاہور کے چوبرجی چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہزاروں افراد نے انڈیا کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔ اس دوران کشمیریوں سے وفا کرو، حافظ محمد سعید کو رہا کرو،کشمیریوں سے رشتہ کیا، لاالہ الااللہ، حافظ محمد سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں اور بھارتی دبائو پر نظربندیاں نامنظور کے نعرے لگائے جاتے رہے۔

احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، ابوالہاشم ربانی، علی عمران شاہین، حبیب الرحمن ودیگر نے خطاب کیا۔ عبدالرحمن مکی نے اپنے خطاب میں کہاکہ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کو نظربند کر کے نریندر مودی، آر ایس ایس اور بی جے پی سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ یہ دہلی اور واشنگٹن کی غلامی کا نتیجہ ہے۔

حکمران بھارت نوازی ترک کریں۔ یوم یکجہتی کشمیر سے قبل حافظ محمد سعید کی گرفتاری بھارتی پلاننگ کا حصہ ہے۔ اس سال انہیں نظر بند کر کے حکومت نے دنیا کو کمزور اور منفی پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة کی پالیسی منفی سیاست نہیں اور نہ ہی ہم توڑپھوڑ کے قائل ہیں تاہم امن و امان کو قائم رکھتے ہوئے بھرپور احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔

حکومت کشمیر پر مستحکم پالیسی واضح کرے اورمضبوط وآزاد وزیر خارجہ کا تعین کیا جائے۔بیرونی ڈکٹیشن کی بجائے خودمختار اور آزاد انہ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام جماعتیں ملک گیر احتجاج کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کے ساتھ کھڑی ہیں۔ چاروں صوبوں و گلگت بلتستان میں بھی تحریک آزادی کشمیر کے پروگرام ہوں گے۔

کل اتوا ر کو لاہور میں مال روڈ پربڑا پروگرام ہو گا۔کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ جو بھارت کے ساتھ پانیوں کے سودے کرے گا وہ دشمنوں کے ساتھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پوا پاکستان حافظ محمد سعید کے ساتھ کھڑا ہے۔تحریک آزادی جموں کشمیر لاہورکے ناظم ابوالہاشم ربانی، علی عمران شاہین، حبیب الرحمن و دیگر نے کہا کہ حافظ محمد سعید کو نظر بند کر کے حکمران کشمیر پر سودے بازی کرنا چاہتے ہیں لیکن قوم کشمیر پر سودے بازی نہیں ہونے دے گی۔

تحریک آزادی کشمیر کی حمایت کرنا جرم ہے تو ہم سب مجرم ہیں۔پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں اور حافظ محمد سعید کے ساتھ ہے۔لاہور میں عدلیہ بچائو کمیٹی اور سول سوسائٹی سرکل کی جانب سے ہائی کورٹ کے احاطہ میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس کی قیادت ممتا زوکیل رہنما عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ نے کی۔ وکلاء نے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔

بھوک ہڑتالی کیمپ میں لاہور ہائی کورٹ بار ، سپریم کورٹ اور لاہور بار کے سینئر وکلاء اور سول سوسائٹی کے اراکین شریک ہوئے۔ اسلام آباد میںدفاع پاکستان کونسل کی طرف سے جامع مسجد قبا آئی ایٹ مرکز کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور انڈیا کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرہ سے انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا آصف،جماعةالدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن ودیگر نے خطاب کیا اور کہاکہ حا فظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظر بندی کو فی الفور ختم کیا جائے ۔

مو دی کی خوشنودی کیلئے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو نظر بند اور ہندوستانی فلموں سے پابندی ہٹائی جارہی ہے جس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ راولپنڈی میںدفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد القدس سیف اللہ لودھی روڈ پر مظاہرہ سے مولانا عبدالرحمن ودیگر نے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان کے استحکام اور بقاکیلئے کشمیرکو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے چھڑانابہت ضروری ہے۔

بھارتی دبائو پرکی جانے والی نظربندیاں ختم کی جائیں۔ کراچی میں دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے پریس کلب کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کی رہنما ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمران دو قومی نظریے پر وار کر رہے ہیں جس سے پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔

حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے ذریعے بیرونی دبائوپر دفاع پاکستان کونسل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔ملتان میں نواں شہر چوک پر کئے جانے والے احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل کے رہنما میاں سہیل احمد و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پرتمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر اپر اڈا مظفر آباد میں بھی بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر تحریک آزاد ی جموں کشمیر کے چیئرمین مولانا عبدالعزیز علوی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی انڈیا سے جاری ٹریک ٹو ڈپلومیسی کا نتیجہ ہے۔

یکطرفہ دوستی اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات ترک کرکے مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں والا پرانا اصولی اور دوٹوک مئوقف اختیار کیا جائے۔ پشاور میں بھی پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس دوران شرکاء کی طرف سے بھارت و امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرہ سے صوبائی رہنما، اہل سنت والجماعت مولانا اسماعیل در ویش ،صوبائی رہنما تحریک حرمت رسول ﷺپشاور کے رہنما مفتی محمد اشرف ،تحریک آزادی جموں کشمیر کے صوبائی رہنماحافظ سمیع اللہ اورجماعت الدعوةپشاور کے رہنما غازی انعام اللہ و دیگر نے خطاب کیا۔

دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام چاروں صوبوں و آزاد کشمیر کے دیگر مختلف شہروں میں بھی احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، سردار عتیق احمد خاں، پیر سید ہارون علی گیلانی،اجمل خاں وزیر، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، حافظ عبدالغفار روپڑی، قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اللہ خالد، حافظ طلحہ سعید،مفتی محمد قاسم، حافظ خالد ولید ویگر نے کہا ہے کہ حافظ محمد سعید کو نظربند کر کے حکومت نے ثابت کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کی ان کے ہاں کوئی اہمیت نہیں ہے۔

جماعةالدعوة کے قائدین کو کشمیریوں کی حمایت کے جرم میں بھارتی و امریکی دبائو پر گرفتار کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت مسئلہ کشمیر پر بیک چینل ڈپلومیسی کو پروان چڑھایاجارہا ہے۔ نظربندیوں میں ٹریک ٹو چینل متحرک ہے۔ہم نے 2017ء کو کشمیر کے نام کیا۔ حافظ محمد سعید سب کے دلوں میں بستے ہیں ، انہیں نظربند کر نے کے بعد میڈیا ٹرائل برداشت نہیں کریں گے۔