وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل (کل) رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھیں گے

جمعہ 10 فروری 2017 17:17

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل (کل) رائے ..
لاہور۔10 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) ملک بھر میں40 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو ، بحالی اور تزئین و آرائش کے ایک بڑے منصوبے میں شامل رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل (کل) ہفتہ کو رکھیں گے۔ تقریب سے رائے ونڈ سے منتخب رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر ،سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری گلزار بھی خطاب کریں گے جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسرپاکستان ریلویزمحمدجاویدانور اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کریںگے۔

ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کے ایم ڈی فرخ تیمور غلزئی کے مطابق رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کو پندرہ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے فروری 2018 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پرانی عمارت کی مخدوش حالت کو بہتر بناتے ہوئے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے دفاتر کے لئے استعمال کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کی دوسرے مرحلے میں ایک علیحدہ پراجیکٹ کے تحت رائے ونڈ کے ریلوے اسٹیشن پر برقی زینے بھی لگائے جائیں گے۔

نئے ریلوے اسٹیشن پر 70مسافروں کی گنجائش کے ساتھ ویٹنگ ایریا، سو نمازیوں کے لئے نماز کی جگہ ،ریزرویشن اور انفارمیشن آفس ،ٹک شاپ اور ٹکٹنگ روم کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر 170موٹرسائکلیں ،25ٹیکسیاں اور80کاروں کی پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ واضح رہے کہ پاکستان ریلویزسبی ،ہرنائی اور کراچی کینٹ سمیت مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر باقاعدہ کام شروع کر چکا ہے جبکہ ان کے علاوہ سندھ کے 12،پنجاب کے 10،خیبرپختون خوا کے 5اور بلوچستان کے 4ریلوے اسٹیشنوں پر بہت جلد کام شروع ہو گا۔