عامر لیاقت کے پروگرام ایسے نہیں چلے گاپر پابندی برقرار، سندھ ہائی کورٹ کا عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کی روشنی میں 8فروری کا حکم واپس

جمعہ 10 فروری 2017 15:25

عامر لیاقت کے پروگرام ایسے نہیں چلے گاپر پابندی برقرار، سندھ ہائی کورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں اپنا 8فروری کا حکم واپس لیتے ہوئے اینکر عامر لیاقت اور ان کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ پر نفرت انگیز پروگرام نشر کرنے کی پاداش میں پیمرا کی طرف سے عائد پابندی برقرار رکھی ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ پر مبنی سنگل بنچ نے جمعہ کے روزپاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کا اُسی روز (8فروری2017) کو جاری فیصلہ عدالت کے علم میں نہیں تھا۔

’’لہٰذا سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے اور عامر لیاقت اور ان کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا ‘ پرفی الفور پابندی عائد کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

‘ ‘جمعہ کو جاری مختصر فیصلہ کے مطابق ’درخواست دہندہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو 22فروری 2017کے لیے نوٹس جاری کئے جاتے ہیں دریں اثنا سندھ ہائی کورٹ کا 8فروری 2017کا فیصلہ سپریم کورٹ کے اُسی روز جاری فیصلے کی روشنی میں واپس لیا جاتا ہے ۔

‘فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا پیرا نمبر 5(iii)حتمی تصور کیا جائے جس کے مطابق 26جنوری 2017کے فیصلے پر اُس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اور فریق نمبر۱(لبیک پرائیویٹ /بول نیوز) ریگولیٹری اتھارٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف پیش کر سکتا ہے۔ اسی طرح ریگولیٹری اتھارٹی فریق نمبر ا کا جواب سننے کے بعد مناسب کاروائی کر سکتی ہے ۔مزید یہ کہ سندھ ہائی کورٹ کے آرڈر کی حکم عدولی کی صورت میں سخت کاروائی کی جائیگی۔ پیمرا کی طرف سے سینئر قانون دان زاہد ایف ابراہیم پیش ہوئے جبکہ ان کی معاونت سینئر ایڈووکیٹ کاشف حنیف کر رہے تھے ۔

متعلقہ عنوان :