وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا وزیراعظم کے ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ایچ بی ایس ہسپتال اور النفیس ہسپتال کا اچانک دورہ

وزیراعظم کے ہیلتھ کارڈ کی بدولت اب نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں موثر، مفت اور بروقت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، یہ کارڈ ہمارے لئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے،مریضوں کا اظہار خوشی موجودہ حکومت نے انتخابات میں کئے گئے وعدوں کے مطابق مربوط اورجامع اصلاحی ایجنڈا نافذ کیا ہے، وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کی تشکیل میں مریم نواز شریف کے تدبر اور بصیرت کو بھی سراہتے ہیں، ہم اپنے وعدوں کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے والوں کو صحت اور علاج کا بنیادی حق پہنچا رہے ہیں،سائرہ افضل تارڑ

جمعہ 10 فروری 2017 15:23

وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا وزیراعظم کے ہیلتھ انشورنس پروگرام ..
اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے وزیراعظم کے ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں جمعہ کو اسلام آباد کے ایچ بی ایس ہسپتال اور النفیس ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جس کا مقصد وزیراعظم کے ہیلتھ پروگرام کے پینل پر موجود ہسپتالوں کی طرف سے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور علاج معالجہ کا جائزہ لینا تھا۔

سائرہ افضل تارڑ معائنہ کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت مفت علاج معالجہ، ادویات کی مفت فراہمی اور سہولیات کے بارے تفصیل سے پوچھتی رہیں کہ آپ کے علاج میں کوئی کوتاہی یا غفلت تو نہیں برتی جا رہی۔ ہسپتال کے معائنہ کے دوان مریضوں نے خوشی کا اظہارکیا اور کہا کہ وزیراعظم کے ہیلتھ کارڈ کی بدولت اب وہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں موثر، مفت اور بروقت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں اور یہ کارڈ ہمارے لئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے کیونکہ اب ہمارا اعلیٰ معیارکا باوقار طریقے سے علاج ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مریضوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ ان کے لئے صحت کی بحالی کے حوالہ سے امید کا پیغام لایا ہے اور ہم اس پروگرام پر عمل درآمد اور علاج معالجہ سے مطمئن ہیں۔ اس موقع پر سائرہ افضل تارڑ نے عوام کو ان کی دہلیز پر مفت معیاری اور سستا علاج فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور ہیلتھ انشورنس پینل پر موجود ہسپتالوں ڈاکٹروں اور عملہ پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔

معائنہ کے دوران سائرہ افضل تارڑ نے مریضوں کے کمروں اور وارڈز میں جا کر عیادت کی اور لواحقین سے علاج معالجہ اور صحت یابی بارے پوچھا جنہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کارڈ دکھانے پر ان کا فوری طو رپر علاج معالجہ شروع ہو جاتا ہے اور وہ علاج سے بھی مطمئن ہیں ۔ وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے اسلام آباد کے نواحی علاقہ ترامڑی میں ایک اپینڈکس کا مریض جو نویں کلاس کا طالب علم ہے، اس کے گھر جا کر خیریت دریافت کی ۔

طالب علم مریض نے بتایا کہ میں وزیراعظم کے ہیلتھ پروگرام کے حوالے سے حکومت کا بے حد مشکور ہوں کہ آج مجھے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں بہترین علاج کی سہوت میسر ہوئی ہے، میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے مفت علاج کی سہولت ملے گی۔ میرے ابوکے پاس تو بعض اوقات ٹیوشن فیس کے لئے بھی پیسے نہیں ہوتے۔ اس موقع پر وزیر قومی صحت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے انتخابات میں کئے گئے وعدوں کے مطابق مربوط اورجامع اصلاحی ایجنڈا نافذ کیا ہے اور صحت کی سہولیات کے حوالہ سے ہماری حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور وہ غریب طبقہ ہے جن کو ہیلتھ انشورنس کارڈز دئیے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب وہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بہترین اور معیاری مفت علاج کروا رہے ہیں اور علاج سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کی تشکیل میں مریم نواز شریف کے تدبر اور بصیرت کو بھی سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پروگرام کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور انداز میں مانیٹرنگ کا بھی اہتمام کیا ہے۔ اسی لئے میں اور میری ٹیم اس پروگرام کے تحت کارڈ ہولڈرزکو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ہم اپنے وعدوں کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے والوں کو صحت اور علاج کا بنیادی حق پہنچا رہے ہیں کیونکہ ہماری حکومت نے اپنے قیام کے روز اول سے ہی عوام کے احساس محرومی کو ختم کرنے پر کام کیا جس کو چند عناصر کے علاوہ آج عوام اور خاص طو رپر غریب اور پسماندہ طبقات سراہتے ہیں۔

بلا شبہ یہ ہماری محنت، کام سے لگن،اصلاحات اور عملی اقدامات کا نتیجہ ہے۔