وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا نیشنل کائونٹر ٹیررازم ٹریننگ سینٹر پبی کھاریاں کا دورہ

سینٹر میں غیر ملکی فوجیوں کو بھی تربیت دی جاتی ہے، سینٹر میں دہشت گردی کے انسداد کے لئے ضروری مہارتوں کی تربیت کی جدید سہولیات موجود ہیں، اب تک دو لاکھ 15 ہزار 412 اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی کی تربیت دی جا چکی ہے سنٹر کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ریاض اور کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کی وزیر داخلہ کو بریفنگ

جمعہ 10 فروری 2017 15:18

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا نیشنل کائونٹر ٹیررازم ٹریننگ سینٹر ..
پبی / کھاریاں ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو نیشنل کائونٹر ٹیررازم ٹریننگ سینٹر پبی، کھاریاں کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نیشنل انٹیگریٹڈ کائونٹر ٹیررازم کورس 9 کی گریجوایشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو تھے۔ کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے وزیر داخلہ کو اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی تھی۔

سنٹر میں 2014ء سے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول رینجرز، ایف سی اور اسلام آباد، گلگت بلتستان پولیس سمیت تمام صوبوں کی پولیس کے جوانوں کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ 2014ء سے قبل یہ سنٹر کوئک رسپانس سینٹر کہلاتا تھا۔ سنٹر کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ریاض اور کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے وزیر داخلہ کو سینٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر میں غیر ملکی فوجیوں کو بھی تربیت دی جاتی ہے اور اس سینٹر میں دہشت گردی کے انسداد کے لئے ضروری مہارتوں کی تربیت کی جدید سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک دو لاکھ 15 ہزار 412 اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی کی تربیت دی جا چکی ہے۔ بلوچستان پولیس سمیت دیگر اداروں کے 6955 اہلکاروں کو بھی انسداد دہشت گردی کی تربیت فراہم کی گئی۔ چین، ترکی، سعودی عرب، بحرین اور مالدیپ سمیت مختلف ممالک کے سکیورٹی اہلکار بھی انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکے ہیں اور ان کو مختصر دورانیہ کے تربیتی کورسز کرائے گئے ہیں۔

2015ء سے اب تک مختلف سروسز اور اداروں کے 3 ہزار 759 اہلکاروں کو مختلف کورسز کی تربیت دی گئی۔ سینٹر میں انسداد دہشت گردی کی تربیت کے لئے خاص انتطامات کئے گئے ہیں۔ ان میں 1700 میٹر کی سنائپر رائفل شوٹنگ کی تربیت بھی شامل ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کورس پولیس اور ایلیٹ فورس کے ہر جوان کے لئے ضروری ہے اور اس سنٹر پر تربیت کے لئے مختلف اداروں کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے تاکہ یہاں موجود انسداد دہشت گردی کی تربیتی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جا سکے۔

وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ سینٹر پر سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی بھی خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ جمعہ کو تربیت مکمل کرنے والے 386 جوانوں میں نیوی کے 27، رینجرز کے 48، اے این ایف کے 4، ایف سی کے 50، کوسٹ گارڈ کے 20، ایس پی ڈی کے 40 اور وفاقی پولیس سمیت پولیس کے 130 جوان شامل ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے 581 جوان، گلگت بلتستان کے 166، آزاد جموں کشمیر پولیس کے 121، سندھ پولیس کے 140، سندھ رینجرز کے 243، خیبر پختونخوا پولیس کے 610، فرنٹیئر کور کے 838، پنجاب پولیس کے 480، ریورائن پولیس کے 668 اور پنجاب رینجرز کے 278 جوان 2014ء سے اب تک اس سنٹر پر چار ہفتوں کے دورانیہ پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :