شکار کا اجازت نامہ نہ ہونے پر قطری مہمان کو واپس بھیج دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 10 فروری 2017 13:51

شکار کا اجازت نامہ نہ ہونے پر قطری مہمان کو واپس بھیج دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 فروری 2017ء): شکار کا لازمی اجازت نامہ نہ ہونے پر قطری مہمان کو واپس بھیج دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قطری مہمانوں جن میں قطر کے شاہی خاندان کے شیخ فہد بن عبدالرحمٰن الثانی اور ان کا وفد شامل تھا، کو شکار کا درست اجازت نامہ نہ ہونے کے سبب محکمہ جنگل حیات کے حکام نے واپس کراچی بھیج دیا۔ وزارتِ خارجہ امورنے یکم فروری کو جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ قطر سے آئے شاہی مہمان 5 فروری سے 28 فروری تک تھرپارکر میں قیام کریں گے۔

وزارت خارجہ نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں ڈی جی رینجرز سندھ سے قطری مہمانوں کی سکیورٹی سے متعلق انتظامات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ قطری مہمانوں کا وفد گذشتہ ہفتے اتوار کو شکار کی غرض سے تھرپارکر پہنچا۔

(جاری ہے)

تاہم ضلع تلوک چند ولاسائی میں محکمہ جنگلی حیات کے اعزازی گیم وارڈن اور ضلعی گیم آفیسر اشفاق احمد میمن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ شاہی مہمانوں کو علاقہ میں شکار کے لیے لازمی اجازت نامے کی عدم موجودگی پر کراچی واپس بھیج دیا گیا ہے متعلقہ حکام کے مطابق ان مہمانوں نے ڈپلو تلوکا کے علاقے جٹ ترائی میں خیمے لگا کر قیام کیا جس کے بعد وہ ضلع بدین کے علاقے کھڈاں سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ جٹ ترائی میں قیام کے دوران شاہی خاندان کے افراد یا ان کے وفد میں سے کسی نے بھی کوئی شکار نہیں کیا۔