ٹوئٹر کے خسارے میں اضافہ

جمعہ 10 فروری 2017 11:06

ٹوئٹر کے خسارے میں اضافہ
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں اس کے نقصانات دگنے ہو گئے ہیں۔ٹوئٹر کے اعلان کے بعد اس کے حصص کی مالیت تیزی سے گرنے کا اندیشہ ہے۔سماجی رابطوں کی سائٹ کے مطابق 2016 کی آخری تین ماہ میں اسے 167 ملین ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ 2015 کے آخری تین ماہ میں ٹوئٹر کو 90 ملین ڈالر کا نقصان رپورٹ ہوا تھا۔

ٹوئٹر کے صارفین میں گذشتہ برس چار فیصد اضافہ ہوا اور اب ان کی تعداد 319 ملین ہے۔ لیکن اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن میں توقع کے مطابق اضافہ نہیں ہوا ہے۔گذشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں اگرچہ 2015 کی آخری سہ ماہی کی نسبت ٹوئٹر کی آمدن میں ایک فیصد اضافہ ہوا اور یہ 710 ملین ڈالر سے بڑھ کر 717 ملین ہو گئی لیکن تجزیہ کار زیادہ آمدن کی توقع کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کسی بھی سہ ماہی میں یہ اب تک آمدن میں سب سے کم اضافہ ہے۔کچھ تجزیہ کار توقع کر رہے تھے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر کے باقاعدگی سے استعمال کی وجہ سے سماجی رابطوں کی سائٹ کی آمدن میں اضافہ ہو گا۔لیکن ٹوئٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اینتھنی نوٹو اس خیال سے متفق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر کی طاقت کو نمایاں کیا ہے لیکن ایک واقعے یا شخص کی وجہ سے کوئی بڑا فرق پڑنا مشکل ہے۔ادھر ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو ’جیک ڈورسی‘ نے کہا ہے کہ 2016 سائٹ کے لیے تبدیلی کا سال تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چزیں درست سمت کی جانب جا رہی ہیں اور جلد اچھے نتائج نظر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :