پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز دبئی میں ہوگیا

رنگارنگ افتتاحی تقریب میں میوزک اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا

جمعرات 9 فروری 2017 23:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز متحدہ عرب امارات کے تجارتی مرکز دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگیا۔ رنگارنگ افتتاحی تقریب میں میوزک اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے شائقین نے بہت سراہا۔ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان اور چیئر مین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نجم سیٹھی نے اس موقع پر اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

تقریب میں علی ظفر، شہزاد رائے، جیمیکن اور شیگی کے علاوہ دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ شائقین کرکٹ پی ایس ایل ٹو کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں دبئی کے اسٹیڈیم میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس سال کے ایڈیشن میں گزشتہ سال کی نسبت صرف یہ تبدیلی کی گئی کہ اس میگا ایونٹ کا فائنل عرب امارات کے بجائے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی اس سلسلے میں تمام اسٹاک ہولڈرز کو یقین دلاچکے ہیں کہ پاکستان میں حالات سازگار ہیں اور لاہور میں ہونے والے فائنل میں غیرملکی کھلاڑیوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ پی ایس ایل 2017ء میں شرکت کیلئے تمام پانچوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز دبئی میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز ایک رنگا رنگ تقریب میں اس ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔

اس تقریب میں پانچوں ٹیموں کے کپتانوں میں سیمی، میک کولکم، سرفراز احمد، مصباح الحق اور کمارا سنگاکارا نے شرکت کی۔ پاکستان سپرلیگ میں شریک ٹیموں نے اس سال کچھ کھلاڑیوں کو تبدیل کیا ہے۔ لاہور قلندر کے کپتان برینڈن میک کولم ہوں گے جبکہ شاہد آفریدی کی جگہ سمی پشاور زلمی کی قیادت کریں گے۔ کراچی کنگز نے کمارا سنگاکارا اورکرس گیل کی خدمات حاصل کی ہیں۔

اس سال ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جس کی وجہ سے میچوں کی تعداد 16کے بجائے 24 ہوگئی ہے جن میں تین پلے آف بھی شامل ہیں۔ ہر ٹیم رائونڈ رابن لیگ میں اپنے حریف سے دوبار مقابلہ کرے گی۔ ٹاپ چار ٹیمیں پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ پروگرام کے مطابق لیگ کے میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ شیڈول کے مطابق فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو دی گئی ہے۔

ٹرافی کی رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے اعلان کیا کہ فاتح ٹرافی کے علاوہ تین اور ٹرافیاں بھی دی جائیں گی۔ بہترین بیٹسمین کو حنیف محمد ٹرافی، بہترین بولر کو فضل محمود ٹرافی اور بہترین وکٹ کیپر کو امتیاز احمد ٹرافی دی جائے گی۔ سپر لیگ کے افتتاحی میچ اسلام آباد یونائٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔