شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں قومی سبز دن منایاگیا

جمعرات 9 فروری 2017 23:00

سکھر۔ 9فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کیطرف سے قومی سبز دن منایاگیا۔ یہ دن وزیر اعظم پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد آلودگی کا خاتمہ اور زیادہ تعداد میں درخت لگانا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ایک آگاہی ریلی ٹیچر ایجوکیشن شعبہ سے فیکلٹی آف نیچرل سائینسزتک نکالی گئی۔

جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائس چانسلر نے کہا کہ میں پرعزم ہوں کہ وزیراعظم پاکستان کی مدبرانہ قیادت میں ہم متحد ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ کثیر تعداد میں درخت لگائے جائیں تاکہ ہم آلودگی کو ختم اور ماحول کو خوشگوار اور سرسبز و شاداب بناسکیں۔

پروفیسر داکٹر غلام علی ملاح چیئرمین شعبہ ٹیچر ایجوکیشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے سرسبز پاکستان پروگرام کا مقصد آلودگی سے پاک معاشرہ کا قیام اور جنگلی حیات کا تحفظ ہے۔ ریلی میں غلام علی کیریو ، فرزانہ کھوسہ ، فردوس بگٹی ، شازیہ سولنگی ، سید زاہد حسین شاہ ، طاہر بھنبھرو کے علاوہ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔