حکومت خواتین کوباعزت طور پر بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے‘ بی آئی ایس پی کے تحت بے وسیلہ اور مستحق خواتین کوشفافیت کے ساتھ رقوم دی جاری ہیں، ملک بھر میں گھر گھر ڈیٹا بیس نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (این ایس سی آر) سروے کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے،وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن

جمعہ 10 فروری 2017 00:01

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خواتین کوباعزت طور پر بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے‘وزیر اعظم محمد نواز شریف ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں‘ بی آئی ایس پی کے تحت بے وسیلہ اور مستحق خواتین کوشفافیت کے ساتھ سہ ماہی 4834 روپے بھیجے جارہے ہیں جبکہ دوبارہ ملک بھر میں گھر گھر ڈیٹا بیس نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (این ایس سی آر) سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وہ جمعرات کے روز یہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 16اضلاع میں سروے کیاجائیگا ‘ آج جمعہ کو کراچی سے 115 ارب روپے کے پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے‘ پراجیکٹ کے تحت نچلی سطح پر54 لاکھ خاندان مستفید ہونگے‘ اس سلسلہ میں 50 ہزارسے زائد بینی فشریز کمیٹی کو فعال کیا جائیگا‘ مذکورہ پراجیکٹ میں ناخواندہ عورتوں کو ڈیبٹ کارڈ کا استعمال اور نوٹوں کی گنتی کرنا سکھایا جائیگا۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف خواتین کو بااختیار بنانے اور سوشل سیکٹر میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں‘ بی آئی ایس پی میں تین بڑے پراجیکٹ چل رہے ہیں جس میں سب سے اہم وسیلہ تعلیم‘ کیش ٹرانسفر‘ نیشنل سوشو اکنامکس رجسٹری چل رہے ہیںجن کے تحت 4 اضلاع بہاولپور‘ ہری پور‘ نصیر آباد اور سکھر میں ڈیسک بیس سروے کیا جاچکا ہے‘ اس سلسلہ میں کوئی فارمز استعمال نہیں ہو رہے بلکہ ٹیبلٹ استعمال ہو رہے ہیں‘ 12 اضلاع میں سروے ہو چکے ہیں اور ان سروے کیلئے مقامی گورنمنٹ کے دفاتر استعمال کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایم کے استعمال میں خواتین کو مسائل کا سامنا ہے اس لئے انہیں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رقم دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے سکولز میں طلبہ کی حاضری ٹیبلٹ پر لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے جعلی و فراڈ میسیج بھیجنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اس سلسلہ میں ان کے نمبر بھی بلاک کئے جارہے ہیں اور ایف آئی اے مذکورہ فراڈ میں ملوث افراد کو گرفتار بھی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین 9 اضلاع میں بائیو میٹرک پیسے نکلوا رہی ہیں‘ بی آئی ایس پی کے تحت ملک میں غربت میں کمی واقع ہوئی ہے‘76 فیصد خواتین خود اور اپنی فیملی پر پیسوں کا استعمال کرتی ہیں اور خواتین کو بچت کے حوالے سے بھی آگاہی پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا نام تبدیل ہو سکتا تھا لیکن موجودہ حکومت نے شہید بینظیر بھٹوکے احترام میں نام تبدیل نہیںکیاکیونکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک سے غربت کے خاتمے سمیت خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل پر گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :