پانی کی دستیابی سے زراعت اور جنگلات کے شعبوں کی ترقی ہوگی ،نواب ثناء اللہ خان

باران رحمت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرکے جنگلات میں اضافہ کیا جائے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 10 فروری 2017 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر نگرانی بلوچستان میںگرین پاکستان پروگرام2017کاباقاعدہ آغاز ہوا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے احاطہ میں پائن کا پودا لگاکر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، عبیداللہ جان بابت، سردار در محمد ناصر، سیکرٹری جنگلات نصیر کاشانی کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ، شجر کاری مہم کا بنیادی مقصد عوام الناس میں درختوں کی اہمیت اور افادیت سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے صوبہ بھر میں طویل مدت کے بعد برفباری اور بارشیں ہوئی ہیں جس سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی اور پانی کی کمی کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوگا جس کیلئے ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گذار ہیں انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی سے زراعت اور جنگلات کے شعبوں کی ترقی ہوگی لہذا باران رحمت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرکے جنگلات میں اضافہ کیا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کے دوران درخت لگانے کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت او رنشوونما پر بھی خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ پولیس ، لیویز فورس اور تمام محکموں کو درخت لگانے کا حدف دیا جائے اور انہیں پودے فراہم کئے جائیں جن کی حفاظت اور نگہداشت متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہوگی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنے اندرون صوبہ دوروں کے دوران شجر کاری کا جائزہ بھی لیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے بھی پودے لگائے۔

متعلقہ عنوان :