شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے، کرنل (ر) مبشر جاوید

جمعرات 9 فروری 2017 23:59

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء)مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر صدارت سڑکوں گلی محلوں میں لٹکتی کیبل اور بجلی کی تاروں، ملبہ اور شہر کی اہم شاہرائوں پر لگے بل بورڈز،پوسٹر اورسٹیمرز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹائون ہال میں ہوا۔اجلاس میں ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنرآفس،پی ایچ اے،لیسکو،واسا،میٹروپولیٹن کارپوریشن،ٹائونز کے افسران کے علاوہ ڈپٹی مئیرز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنااور اس مزید بہتری لے کر آنامنتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے جس کے لیے پارٹی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے اس ذمہ داری کو نبھائیں گے۔گلی محلوں میں کیبل کی لٹکتی ہوئی تاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وہ پیمراکے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت کریںاور اس کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لیسکو حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام یونین کونسلز کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ملکر لٹکتی ہوئی اور بے ہنگم بجلی کی تاروں کی درستگی کریں۔انہوں نے لیسکو حکام سے کہا کہ وہ لائن مین سے لے کر ایس ڈی او کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ منتخب نمائندوں کے الیکٹرسٹی کے حوالے سے مسائل کو سنیں اور ان کو فوری طور پر حل کریں۔اس طرح مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جا وید نے ٹائون اور پی ایچ اے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہر بھر میں لگے بینرز کو ہٹائیں۔

پی ایچ اے ایک ڈ یزائن اور سائز کے بو رڈ کے لیے بھی اپنی پا لیسی بنائیں جبکہ گلی محلوں میں مو جود دکانوں کے اشتہاری بورڈز کے لیے بھی یو سی چیئر مینز اپنی تجاویز دیں۔اس طرح انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی اور واساکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کی شہر میں جو تعمیراتی پروجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں ان کا ملبہ فوری طورپر اٹھائیںجبکہ صفائی ستھرائی کی مہم کے حوالے سے انہوں نے واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو پابند کیا ہے جس علاقے میں ڈپٹی مئیر ز صفائی ستھرائی کے حوالے سے دورہ کر یں گے اس علاقہ کا ایس ڈی او اُن کے ہمرہ ہو گا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ،لیسکو، واسا،ایل ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے حکام نے میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جا وید کو بریفنگ بھی دی۔میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جا وید نے لاہور شہر کی خوبصورتی کے لیے لٹکتی ہوئی بجلی،پی ٹی سی ایل کی تا روں کے مسائل کو حل کر نے کے لیے بلا ئی گئی میٹنگ میں ڈائریکٹر لیول کا نما ئندہ نہ آنے پر پی ٹی سی ایل کی انتظامیہ پر سخت بر ہمی کا اظہار کیا اور پی ٹی سی ایل کی اعلیٰ انتظامیہ کو اس ضمن میں لیٹر لکھ دیا گیا ہے۔