صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کوبین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کا جامع روڈ میپ متعین کر دیا ، صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم

جمعرات 9 فروری 2017 23:58

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کوبین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کا جامع روڈ میپ متعین کر دیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے اداروںمیں تعلیم و تحقیق کی بہترین سہولیات کے ذریعے ہیومن ڈویلپمنٹ میں مدد ملے گی اور پاکستان کو چلانے کیلئے بہترین انسانی وسائل میسر آئیں گے۔ یہ بات صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم سید رضا علی گیلانی نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں بتائی۔

اجلاس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد نظام الدین اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے نمائندوں کے علاوہ برٹش کونسل کی چار رکنی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں برٹش کونسل کی معاونت سے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رضا گیلانی نے اجلاس کو بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کیلئے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ 400ملین روپے سے شہبازشریف میرٹ سکالرشپ پروگرام کے اجراء کے علاوہ اساتذہ کی اندرون و بیرون ملک ٹریننگ کیلئے 200ملین روپے مہیا کیے گئے ہیں۔ اسی طرح صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم تک رسائی آسان بنانے کیلئے 2147ملین روپے سے مختلف اضلاع میں 138کالج قائم کر رہی ہے۔ ان اقدامات سے کوالٹی ایجوکیشن کے حصول میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک سے اعلیٰ تعلیم کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی اور عالمی اداروں کے تعلیمی اشتراک سے پاکستانی طالبعلم ورلڈ کلاس ایجوکیشن حاصل کریں گے۔

چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے اعلیٰ تعلیم کی ترقی میں کمیشن کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مکمل طور پر عالمی معیارکے مطابق ڈھالنے کیلئے انٹر نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔

متعلقہ عنوان :