وزیراقلیتی امور خلیل سندھو سے علامہ مشتاق جعفری کی ملاقات

جمعرات 9 فروری 2017 23:58

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو سے ان کی رہائش گاہ پر چیئرمین عالمی امن اتحاد کونسل پاکستان و مرکزی صدر مجلس علماء جعفریہ پاکستان علامہ مشتاق حسین جعفری نے ملاقات کی۔رکن صوبائی اسمبلی شہزاد منشی اور محکمہ انسانی حقوق کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع موجود تھے۔

مذہبی رہنماء علامہ مشتاق حسین سے گفتگو کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ دائمی امن کے قیام کے لئے مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس میں حکومت کے ساتھ ساتھ مذہبی تنظیمیں، علماء کرام، سول سوسائٹی،این جی اوز اور میڈیا اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ صوبہ پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور پر امن معاشرے کی بقاء کیلئے انٹرفیتھ کمیٹوں اور اقلیتی مشاورتی کونسل میں تمام مذاہب کے علماء کی مناسب نمائندگی دی گئی ہے،تمام اضلاع میں ہیومن رائٹس ڈیفنڈرز کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے جس سے صوبہ میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ حاصل ہوا ہے اور انسانی حقوق کے حوالے سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب تحمل،رواداری اور برداشت کا درس دیتے ہیں جو انسانی ھقوق کے تحفظ کی پاسداری کا لازمی جزو ہے۔علامہ مشتاق حسین جعفری نے صوبہ میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب اور وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کی خدمات کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لئے حکومتی کوششوں میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔