وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،سالٹ رینج میں کول پاور پلانٹ کیلئے کوئلے کی دستیابی ،مائننگ اوردیگر امورپرغور

جمعرات 9 فروری 2017 23:57

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاںاجلاس منعقد ہوا ،جس میںسالٹ رینج میں کول پاور پلانٹ کیلئے کوئلے کی دستیابی ،مائننگ اوردیگر امورپرغورکیاگیا۔جرمن کنسلٹنٹ جوہان گوٹسزنے منصوبے کیلئے کوئلے کی دستیابی اورمائننگ تکنیک کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سالٹ رینج میں کول پاورپلانٹ کی منصوبہ بندی کی ہے ۔

(جاری ہے)

منصوبے کیلئے کوئلے کی مائننگ ،ٹرانسپورٹیشن اوردیگرامورکے حوالے سے 45روز میں واضح لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جنہیں کول پاور پلانٹس کیلئے بروئے کار لانا ہے ۔ماہرین کی مشاورت اورسفارشات کی روشنی میں اس جانب تیزرفتاری سے آگے بڑھنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کوئلے کی ماڈل مائننگ سود مندہے اورماہرین کی تجاویز کی روشنی میں اس کا جائزہ لیاجائے ۔صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان،سیکرٹری معدنیات،ممبر انرجی پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ ،ڈی جی مائنز،ایم ڈی انجینئرنگ کنسلٹنسی سروسز پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔