وزیراعلیٰ پنجاب سے استنبول میٹرو پولیٹن میونسپلٹی کے ٹرانسپورٹیشن یونٹ کے اعلیٰ سطح کے وفدکی ملاقات،لاہور اور بڑے شہروں میں ٹریفک نظام بہتر بنانے، ٹریفک ری انجینئرنگ، پارکنگ نظام کی بہتری ، ٹریفک پلاننگ اور روڈ انجینئرنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 9 فروری 2017 23:57

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں ترکی کے شہر استنبول میٹرو پولیٹن میونسپلٹی کے ٹرانسپورٹیشن یونٹ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک نظام بہتر بنانے، ٹریفک ری انجینئرنگ، پارکنگ نظام کی بہتری ، ٹریفک پلاننگ اور روڈ انجینئرنگ میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ دوستی کا رشتہ مفیدمعاشی تعاون میں بدل رہا ہے اورترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ استنبول میں ٹریفک کا بہترین نظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

ہم ترک بھائیوں کی جانب سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت اس ضمن میں ترک بھائیوں کو ہرقسم کی معاونت فراہم کرے گی۔ٹریفک کے پورے نظام میں بہتری کیلئے جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔ترک ماہرین کی ٹیم ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے جو قابل عمل سفارشات پیش کرے گی ان پر انتہائی تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہترین ٹریفک نظام مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے۔پنجاب کے بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ٹریفک کو رواں دواں رکھ کر وقت اور ایندھن کی بچت کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ترک وفد نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام ایک دوسرے سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔پنجاب حکومت کو ٹریفک مینجمنٹ کیلئے جس طرح کا تعاون درکارہوگا، وہ مہیا کریں گے۔صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہورڈویژن، لاہور میئر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ترک وفد کی قیادت مکرم کارا کر رہے تھے۔