وزیراعلیٰ پنجاب سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سانگ تاجی کی ملاقات

ساہیوال کول پاو رپلانٹ دنیا بھر میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل ہونے کے تمام ریکارڈ توڑے گا۔شہبازشریف

جمعرات 9 فروری 2017 23:57

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سانگ تاجی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر انتہائی تیزی سے کام کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سانگ تاجی اور ا ن کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ تیزرفتاری اور اعلیٰ معیار کا نیا شاہکار بنے گا۔

دنیا میں اتنی پیداواری گنجائش کا کوئی بھی بجلی کا منصوبہ اتنے کم عرصے میں مکمل نہیں ہوا۔انہو ںنے کہا کہ یہ منصوبہ اپنے مقررکردہ وقت دسمبر 2017 سے 6 ماہ قبل مکمل ہونے جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے سپیڈ کے حوالے سے نیا ورلڈ ریکارڈ بنے گا۔

(جاری ہے)

اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم عرصے میں چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔ ساہیوال کول پاو رپلانٹ دنیا بھر میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل ہونے کے تمام ریکارڈ توڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں محنت، امانت، دیانت، شفافیت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چین کی پاکستان میں تاریخ ساز سرمایہ کاری وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ میں چین کے صدرشی جن پنگ ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور چینی کمپنیوں کا بے حدممنون ہوں جو پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو تعبیر دینے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہزاروں چینی انجینئرز اور ورکرز چین میں نئے سال کی آمد کے باوجود اپنی خوشیاں قربان کرکے پاکستانی عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔چینی انجینئرز اور ورکرز کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سانگ تاجی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے وژن کے مطابق ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے بے پناہ سپورٹ فراہم کی ہے۔سی پیک کے بارے میں خصوصی ایلچی ظفرالدین محمو دبھی اس موقع پر موجود تھے۔