خضدار یونیورسٹی انجنیئرنگ کے وائس چانسلر ،رجسٹرار اور انتظامیہ کی مزدور کُش پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں ، ظلم اور بربریت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان ریجن کا احتجاج

جمعرات 9 فروری 2017 23:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان ریجن کے صدر عبدالسلام بلوچ ،سینئر نائب صدر آغا ذوالفقار شاہ،نائب صدر خدائے رحیم ،حاجی عبدالکریم اور دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ خضدار یونیورسٹی انجنیئرنگ کے وائس چانسلر ،رجسٹرار اور انتظامیہ کی مزدور کُش پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں،یونیورسٹی کی ایمپلائیز یونین کو اخباری نوٹس کے ذریعے دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند کرے اس قسم کی غیر قانونی دھمکی آمیز نوٹسز کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

یونیورسٹی انظامیہ کی ظلم اور بربریت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔مزدور رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کی واحد انجنیئرنگ یونیورسٹی جو گذشتہ 30سالوں سے پر امن ماحول میں نوجوانوں کو فنون علم کی زیور سے آراستہ کر رہی تھی لیکن افسوس اچانک موجودہ وائس چانسلر کی مزدور کُش پالیسی آمریت کی نشاندہی کرتی ہیں موصوف ایک بار پھر شکاگو کے واقعے کو دہرنا چاہتے ہیں اور غیر قانونی اقدامات اٹھا کر آئین اور اپنے اختیارات سے تجاوز کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر اور رجسٹرار نے جمہوری حکومت میں آئین سے بالائے تاک ہوکر فرعونیت پر اتر آئے ہیں جو کہ جمہوریت کی نفی ہے۔ملازمین اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے مزدوروں کے آواز کو دبانا اس جمہوری حکومت کے منہ پر تماچہ ہے ۔ملازمین کو حراساں کرنا،تنخواہوں کی بلا جواز بندش،غیر قانونی نوٹسزکے ذریعے تنگ کرنا مزدور دشمنی ہے ۔مزدور رہنماؤں نے صدر پاکستان،گورنر بلوچستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وائس چانسلر اور رجسٹرار کے غیر قانونی اور اختیارات کا بے جاء استعمال کا نوٹس لیکر جمہور پسند ہونے کا ساتھ دیںبصورت دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :