دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں میں آتشزدگی سے الیکٹرک کیبل کو نقصان پہنچا

متبادل پمپوں کے ذریعے کراچی کو پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی ،اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کراچی سے دھابیجی پہنچ گئے

جمعرات 9 فروری 2017 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں میں آتشزدگی سے الیکٹرک کیبل کو نقصان پہنچا ،ایک پمپ بند ہونے کے سبب متبادل پمپوں کے ذریعے کراچی کو پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی ،اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کراچی سے دھابیجی پہنچ گئے ،آگ پر مکمل قابو پانے تک موجود رہے اور صورتحال سے وقتاً فوقتاً صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کو آگاہ کرتے رہے ،دھابیجی پر تعمیر ہونے والے نئے پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا ،کام کی سست رفتاری پر برہم ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق جمعرات کی دوپہر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے عقب میں واٹربورڈ کے 9 ایکڑ پر محیط خالی پلاٹ پر اگنے والی خوردرو جھاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے وہاں دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی ، آتشزدگی کی اطلاع فوری طور پر فائربریگیڈ کو دی گئیفائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا اس موقع پر کے الیکٹرک اور سوئی گیس کمپنی کی گاڑیاں اور عملہ بھی پہنچ گیا ،آتشزدگی سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنیوالی ایک کیبل کو نقصان پہنچا جس سے منسلک پمپ کو متبادل کیبل سے بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی اس دوران کراچی کو پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی تقریباً 1 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا تھا ،اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ تمام مصروفیات منسوخ کرکے فوراً دھابیجی پہنچے اور آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لیا,اس دوران وہ صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کو وقتاً فوقتاً صورتحال سے مطلع کرتے رہے ،انہوں نے وزیربلدیات سندھ کی منظوری سے پلاٹ سے جھاڑیوں کی صفائی اور وہاں موجود دیگر ناکارہ سازوسامان و استعمال شدہ تیل کی قواعد کے مطابق نیلام کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آئندہ آتشزدگی کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو، واضح رہے کہ مذکورہ پلاٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اعلان کردہ پاور پلانٹ نصب کیا جائے گا، بعدازاں ایم ڈی واٹربورڈ نے اس خالی پلاٹ سے متصل نئے تعمیر ہونے والے پمپنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا ، ایم ڈی واٹربورڈ نے نئے پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے وہاں موجود حکام کو ہدایت کی کہ نئے پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر کے کام کی رفتار کو ہنگامی بنیادوں پر تیز تر کیا جائے ،اس سلسلے میں فوری اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام معیاری ہونا چاہیئے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق ہر صورت اس پمپنگ اسٹیشن کو وقت مقررہ پر تعمیر کیا جانا ہے،اس موقع پر پروجیکٹ منیجر انتخاب احمد راجپوت نے ایم ڈی واٹربورڈ کو بریفنگ دی ۔