کراچی میں بے رحم ڈاکوئوں کی جانب سے بچوں سے اسکول بیگ چھیننے کے واقعہ پر حق پرست ارکان سندھ اسمبلی کااظہار مذمت

بچوں سے سکول بیگ چھیننے کا واقعہ انتہائی شرمناک ،اس بات کا ثبوت ہے شہر میں جرائم پیشہ عناصر اپنی تمام حدود پار کرگئے ہیں، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی

جمعرات 9 فروری 2017 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی میں بے رحم ڈاکوئوں کی جانب سے بچوں سے اسکول بیگ چھیننے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہاکہ شہر میں چوری ، ڈکیتی ، قتل و غارتگری ، منشیات کی فروخت ، اغواء برائے تاوان جیسی وارداتوں کے بعد اب بچوں سے اسکول بیگ چھیننے کا واقعہ انتہائی شرمناک اوراس بات کا ثبوت ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر اپنی تمام حدود پار کرگئے ہیں ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ بچوں سے اسکول بیگ چھیننے کا واقعہ شہر میں جرائم کی وارداتوں میں ملوث سفاک عناصر کی ذہنی پستی کو ظاہر کرتا ہے اور جس شہر میں ایسے ذہنی پستی کے حامل جرائم پیشہ عناصر کا راج ہو وہاں امن و امان کے دعوے کرنا سراسر خود فریبی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ شہر میں بچوں تک کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر ایسے ہی اسکول بیگ چھیننے کے واقعات شہر میں رونما ہوتے رہے تو اس کے اثرات انتہائی منفی برآمد ہوں گے ، کیا ایسی صورتحال میں شہری بچوں کو اسکول تک بھیجنا بند کردیں ۔حق پرست ارکان سندھ اسمبلی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ بچوں سے اسکول بیگ چھیننے کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور شہر میں ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر شہریوں کو جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :