اسلامیہ کالج کرکٹ ٹیم پشاور کے وفد کی کنوینر ایم کیوایم (پاکستان ) سے ملاقات

ایسے ہی باصلاحیت اور فٹ کھلاڑی ملکی سطح پر ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کرسکتے ہیں ، ڈاکٹر فاروق ستار

جمعرات 9 فروری 2017 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) اسلامیہ کالج کرکٹ ٹیم پشاور کے ایک وفد نے ایم کیوایم (پاکستان ) کے عارضی مرکز واقع پی آئی بی کالونی میں کنوینر ڈاکٹر محمد فاورق ستار سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں اسلامیہ کالج کرکٹ ٹیم پشاور کے وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کو کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کا انعقاد اور ان میں حصہ لینا صحت مند زندگی کی ضمانت ہے اور کوئی بھی قوم او رمعاشرہ کھیل کے بغیراپنی صلاحیت اور کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتی ۔

انہوں نے اسلامیہ کالج کرکٹ ٹیم پشاور کے کپتان اور کھلاڑیوں کی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ ایسے ہی با صلاحیت اور چوکس کھیلاڑی ملکی سطح پر ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان اور پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کرسکتے ہیں ۔