حکومت نے سیاسی مخالفین کو دبانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے‘عبدالقادر شاہین

جمعرات 9 فروری 2017 23:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور حکومت پنجاب غلفت کی نیند سو رہی ہے پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے جذبات کی ترجمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ہم کارکن کی حفاظت کرنا جانتے اور ہم کسی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی قربانی دینے کو تیار ہیں جبکہ پنجاب کے حکمران ریاستی مشینری اور اپنے بدمعاشوں کو استعمال کرکے فساد کرتے ہیں حکومت نے سیاسی مخالفین کو دبانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے پنجاب میں (ن) لیگ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو ہمں سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا اور پھر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ شوکت بسراء پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے صبر اور برداشت کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ پوری قوم جانتی ہے کہ (ن) لیگ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور پانامہ لیکس میں میگاء کرپشن کے سیکنڈل ثابت ہونے اور منظر عام پر آنے کے بعد یہ لوگ بدحواس ہوچکے ہیں۔