بلاول بھٹو رواں سال لاڑکانہ کے حلقے این اے 204 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے، فریال تالپور

18 کے عام انتخابات میں وہ اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے حلقہ انتخاب این اے 207 سے حصہ لیں گے، رکن قومی اسمبلی

جمعرات 9 فروری 2017 23:54

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں سال لاڑکانہ کے حلقے این اے 204 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے حلقہ انتخاب این اے 207 سے حصہ لیں گے۔ لاڑکانہ شہر کے جناح باغ میں پودہ لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی نشست این اے 207 میرے پاس امانت تھی جسے اب شہید کے بیٹے کو عام انتخابات میں سونپ دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے لاڑکانہ میں مثالی ترقیاتی کام کروائے جو جاری ہیں جس میں روڈوں راستوں، برج کی تعمیر سمیت شہر کے نکاسی آب کو بہتر بنانے کے منصوبے شامل ہیں جو جلد ہی مکمل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی کام ضلعی افسران کرواتے ہیں اور منتخب نمائندوں کا کام ان کی نگرانی کرنا ہے، شہر میں جاری ترقیاتی کاموں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا جبکہ لاڑکانہ کی طرح سندھ کے دیگر شہروں کو بھی خوبصورت بنانے کے متعلق ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں لاڑکانہ شہر کے تمام تر مسائل سے بخوبی واقف ہوں، پیپلز پارٹی حکومت عوام کو سہولیات ان کے دروازے پر فراہم کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فریال تالپور کا کہنا تھا کہ کرپشن اور دیگر معاملات کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں جو غلط ہیں، ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کررہے ہیں اس وقت صوبے بھر میں روڈوں کا جال بچھایا گیا ہے اور شہروں کو خوبصورت بنانے کیلئے منصوبہ بندی پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن محمد اسلم شیخ اور دیگر پیپلز پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔