وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے گروپ کی ملاقات

جمعرات 9 فروری 2017 23:35

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے گروپ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے ایک گروپ نے ملاقات کی۔ گروپ کے سربراہ ضیاء چشتی نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے گروپ کے دورے کا مقصد پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے موقع تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اپنی مصروفیات بالخصوص وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے گروپ کے ارکان کے پاکستان سے متعلق تاثرات مزید بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران حکومت پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجہ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے گروپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، کارپوریٹ اور بزنس لیڈرز کے گروپ کا دورہ پاکستان بروقت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پی ڈبلیو سی میں شائع ہونے والی رپورٹ سے بھی وفد کو آگاہ کیا جس میں پیشنگوئی کی گئی ہے کہ پاکستان 2030ء تک 20 ویں بڑی معیشت اور 2050ء تک 16 ویں بڑی معیشت بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں گذشتہ تین سالوں کے دوران اقتصادی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے گروپ کے ارکان پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، حکومت پاکستان انہیں اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :