ویلنٹائن ڈے ایک غیر اسلامی وغیر شرعی تہوار ہے،اس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ،مسلمانوں کو اپنے معاشرے میں ایسے تہواروں کی مذمت کرنی چاہئے ، 14فروری کو یوم حیا کے طور پر منائیں گے

اسلام آباد علماء کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد ظفراقبال جلالی کی گفتگو

جمعرات 9 فروری 2017 23:01

ویلنٹائن ڈے ایک غیر اسلامی وغیر شرعی تہوار ہے،اس کی اسلام میں کوئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء)اسلام آباد علماء کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد ظفراقبال جلالی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ،یہ ایک غیر شرعی اور غیر اسلامی تہوار ہے ،مسلمانوں کو اپنے معاشرے میں ایسے دنوں کی بھر پور مذمت کرنی چاہیے ،اسلام آباد علماء کونسل انٹرنیشنل 14فروری کو یوم حیا کے طور پر منائے گی۔

جمعرات کو ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بسنت فیسٹول پر پابندی لگانا خوش آئند اقدام ہے۔پورے ملک میں ایسے فحاشی اور بے حیائی پر مبنی تہوار وں پر پابندی ہونی چاہیے،کیونکہ فحاشی اور بے حیائی روکنا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔اسلام کسی غیر محرم کو ملنے اور تحائف دینے کی قطعا اجازت نہیں دیتا اس کی روک تھام ہر مسلمان پر فرض ہے ،اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس لیے ہر غیرت مند مسلمان کو چاہیے کہ وہ اسلام کے دیے ہوئے نصب العین کے مطابق زندگی گزارے فحاشی اور بے حیائی کو عام کرکے ملک وملت کا نقصان نہ پہنچائے،فحاشی اور بے حیائی کے عام ہونے سے اللہ تعالیٰ کی طرف سے قوم پر عذاب مسلط کردئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم معاشرے فحاشی اور بے حیائی کے عام ہونے کی وجہ سے کمزور ہوجاتے ہیں ،اسلامی حکومتوں کو چاہیے کہ فحاشی اور بے حیائی کی روک تھام کے لیے اہم اور سنجیدہ اقدامات کریں۔نسل نو کا چاہیے کہ دستوں سے محبتیں بڑھانے کی بجائے والدین کی خدمت کریں ۔