خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے، طاہر القادری مرضی کے فیصلے مسلط کرنے سے اجتناب کریں ، پیپلز پارٹی نے ہارون آباد واقعہ پر ڈرامہ کیا‘ بلدیا تی نظام 3 ماہ میں پوری طرح فنکشنل ہو جائے گا،بلدیاتی ادارے پوری طرح بااختیار ہونگے ،رانا ثناء اللہ خاں

جمعرات 9 فروری 2017 22:24

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اراکین صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی نمائندگان سے ملکر عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔ حکومت تعلیم ،صحت ، انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

خیبر پختوانخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی شرمناک حد تک مایو س کن ہے۔ کسی علاقہ اور عوام کے مسائل حل کرنا پر ی رگنگ کے بجائے خدمت کے زمرے میں آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ عمران خان کو بھی اپنے علاقہ کی خدمت کرنے کی توفیق دے۔ وہ جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ رانا ثنا ء اللہ خاںنے کہاکہ طاہر القادری کی مرضی ہے کہ وہ کسی فیصلے کو تسلیم کریں یا نہ کریں تاہم وہ کسی پر اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرنے سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سزا و جزا کا فیصلہ عدالتوں پر چھوڑا جائے۔انھوں نے کہا کہ اگر عدالتیں کسی مقدمہ میں حکومت کے خلاف بھی فیصلہ دیتی ہیں تو ہم اسکو بخوشی تسلیم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عدالتوں پر اعتماد کیوجہ سے ہی وزیر اعظم نے پاناما کیس میں عدالتوں سے رجوع کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہارون آباد واقعہ پر جس ڈرامہ بازی کا مظاہر ہ کیا ہے ایسے ڈراموں کا وقت اب گزر چکاہے ۔

انھوں نے کہا کہ شوکت بسرا واقعہ کے وقت ہشاش بشاس تھے اور دوسرے دن شدید زخمی ہونے کا ڈرامہ رچا کر ہسپتا ل شفٹ ہوگئے ۔ انھوں نے کہا کہ ہارون آباد کا واقعہ سیاست کے بجائے نجی نوعیت کا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر انے نظام کی جگہ لے رہا ہے ۔ تین ماہ کے اندر یہ سسٹم بھرپور انداز سے فنکشنل ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے پوری طرح بااختیار ہو کر عوامی خدمت سر انجام دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پی ایس ایل کرکٹ میچز کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔