شہید حیات محمد خان شیر پائو کی سیاسی بصیرت کے نتیجے میں لوگ جوق در جوق قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی سکندر حیات خان شیر پائو کا شمولیتی تقریب سے خطاب

جمعرات 9 فروری 2017 22:02

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ شہید حیات محمد خان شیر پائو کی سیاسی بصیرت اور عوامی حقوق کیلئے جدو جہد کا نتیجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور اس پارٹی کو پختون عوام کی نمائندگی کا حقیقی قافلہ تصور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بہت جلد پختونوں کے حقوق حاصل کئے جائیں گے اور ہمارے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گائوں شیر پائو میں منعقدہ ایک شمولیتی تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پر اصلاحی کمیٹی کے چیئر مین مکرم خان باچا اور نیک باچا نے ان کے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام ، قومی مردم شماری اور پختونوں کے خلاف سازشوں سمیت ایسی پالیسی اختیار کی ہے جس سے خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ پڑنے والا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں ہماری قیادت رابطے کر رہی ہے اور آنے والے ہفتے کے روز شیر پائو میں منعقدہ حیات شہید کی برسی کے سلسلے میں ہونے والے اجتماع کے دوران پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو بڑا اعلان کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل اور منصوبہ بندی عوام کے سامنے رکھیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے پختون عوام میں بیداری پیدا کی ہے اور اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے عوامی طاقت کے ذریعے جدو جہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیات محمد خان شہید نے عوامی حقوق اور سیاسی برادری کی جدو جہد میں جام شہادت نوش کیا لیکن عوام کو جو پیغام دیا تھا وہ آج بھی زندہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام انہیں ہر وقت یاد کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور قومی مفادات کے حصول کیلئے کمر بستہ رہیں۔

واضح رہے کہ سابقہ گورنر حیات محمد خان شہید کی 42ویں برسی کی مناسبت سے 11 فروری بروز ہفتہ شیر پائو ضلع چارسدہ میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہو رہا ہے جس سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو اور دوسرے رہنما خطاب کریں گے اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔